(اسٹاف رپورٹر:کراچی)مسکراہٹ  پریشانیوں کی قاتل ہے، مسکرانے والے کا چہرہ ہشاش بشاش رہتا ہے لہٰذا اپنے چہروں کو مسکراہٹ سے سجائے رکھئے۔ یہ کہنا تھا نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری کا ، جو گزشتہ روز المدینۃ العلمیہ کے اسلامی بھائیوں کے درمیان خصوصی بیان فرمارہے تھے۔ آپ نے مزید کہا کہ تبلیغِ دین کے تین بنیادی ذرائع ہیں ایک تحریر دوسرا تقریر اور تیسرا سیرت یعنی انسان کی سیرت اور اس کا کردار ایسا ہو کہ جس سے اسلام کی مہک آتی ہو۔ ایک اسلامی بھائی کے سوال کے جواب میں نگرانِ شوریٰ نے کہا کہ ہمیں خود کو دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں میں وقت دینے کے لئے اپنے علاقے کے ذمہ داران کو پیش کرنا ہوگا، بہت سے مدنی کاموں کے لئے افراد کی حاجت ہے آپ اپنے آپ کو پیش کریں اِنْ شَآءَ اللہ آپ سے دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں کی خدمات لی جائیں گی۔

عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں واقع درجہ دورۂ حدیث شریف میں ہونے والے اس اجتماع میں بذریعہ لنک المدینۃ العلمیہ فیصل آباد کے اسلامی بھائیوں نے بھی شرکت کی۔ اختتام پر جن اسلامی بھائیوں کی سال 2019 میں ادارتی کارکردگی ممتاز رہی انہیں نگرانِ شوریٰ کے مبارک ہاتھوں اعزازی شیلڈ اور مدنی چیک دیا گیا۔ اس موقع پر المدینۃ العلمیہ کے ہیڈ و رکنِ شوریٰ حاجی ابو ماجد محمد شاہد عطاری مدنی اور رکن ِ شوریٰ حاجی برکت علی عطاری بھی موجود تھے۔