نیو کراچی میں عظیم الشان ہفتہ وار سنتوں بھرا
اجتماع، خلیفۂ امیر اہلسنت نے بیان فرمایا
غوثیہ نورانی عید گاہ گاؤنڈD-11نیو کراچی میں 08 جنوری 2026ء بروز
جمعرات دعوتِ اسلامی کے عظیم الشان ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں رکن شوریٰ حاجی
فضیل عطاری، نگران ڈویژن مشاورت، نگران ڈسٹرکٹ مشاورت،نگران ٹاؤن مشاورت، مختلف
شعبہ جات کے اسلامی بھائیوں، سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات، مقامی عاشقانِ رسول اور
طلبائے کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجتماع کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ
رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا جس سے پنڈال روحانی انوار سے منور ہوگیا۔
اس موقع پر خلیفۂ امیرِ اہلِ سنت مولانا حاجی
عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ
العالی نے عبادت، سیرتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور صحابۂ کرام رضی اللہُ عنہم کے فضائل پر
مشتمل سنتوں بھرا بیان فرمایا۔ بیان کے دوران آپ نے عبادت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے
ہوئے حضرت علامہ مولانا مفتی نقی علی خان رحمۃُ اللہِ علیہ کا قول نقل کیا
کہ ”تمام کمالات کی اصل عبادت ہے اور انسان کی حقیقی عزت بارگاہِ الٰہی میں
سرجھکانے ہی میں ہے“۔ خلیفۂ امیرِ اہلِ سنت نے حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اندازِ عبادت کا ذکر کرتے ہوئے شرکائے
اجتماع کو ماہِ رجب، شعبان اور رمضان المبارک میں کثرت سے عبادت کرنے کی ترغیب
دلائی۔ آپ دامت بَرَکَاتُہمُ
العالیہ نے سیدنا امیر معاویہ رضی اللہُ عنہ اور
سیدنا امام جعفر صادق رحمۃُ اللہِ علیہ کی مبارک سیرت بیان کرتے ہوئے ان کے اعراس
منانے، نمازوں کی پابندی، سنتوں پر عمل، قافلوں میں سفر، نیک اعمال اختیار کرنے
اور دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ رہنے کا ذہن دیا۔
بیان کے بعد اجتماع میں شیڈول کے مطابق درودِ
پاک پڑھا گیا، ذکرُ اللہ کیا گیا اور آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہِ اقدس میں سلام پیش کیا گیا۔ آخر میں خلیفۂ امیرِ
اہلِ سنت نے امتِ مسلمہ کی خیرخواہی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا
بھی کروائی۔
اجتماع میں شریک تاجر برادری، سیاسی و سماجی
شخصیات نے اس روح پرور اجتماع کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اہلِ
علاقہ نیو کراچی کے لیے نہایت خوش آئند قرار دیا۔ اس موقع پر پنڈال میں دعوتِ
اسلامی کے مختلف شعبہ جات کے معلوماتی اسٹالز بھی لگائے گئے تھے، جہاں شرکاء کو دینی
و فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔
Dawateislami