میرپور خاص، سندھ  29 اگست 2025ء:

نبی کریم حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ولادت کی خوشی میں میرپورخاص، سندھ میں قائم میرپور خاص پریس کلب اور دعوت اسلامی کی شراکت سے ”محفل میلاد النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق اس محفلِ میلاد میں خصوصی طور پر کمشنر فیصل احمد عقیلی، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود خان، پریس کلب کے صدر نذیر احمد پنہور، نائب صدر اظہر کریم جیلانی، جنرل سیکریٹری عاطف بلوچ، سینئر صحافی سلیم آزاد، واحد حسین پہلوانی، شوکت پنہور، امجد کاظمی، سندھ بار کونسل کے ممبر شیر محمد وسان، انجمن تاجران کے انیس الرحمٰن، امین میمن، آصف چوہدری اور سابق صدر پریس کلب احمد سعید قائم خانی نے شرکت کی۔

محفل میں نعت خواں اسلامی بھائیوں نے حضور سرورِ دوجہاں صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی عقیدت میں عشقِ مصطفیٰ سے بھر پور کلام پڑھے جبکہ علمائے کرام اور مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے اپنے بیان میں عشقِ رسول کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی محمد علی عطاری اور دیگر علمائے کرام نے اپنے بیانات میں کہا کہ عشقِ رسول کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا۔حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرتِ طیبہ پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہےجس میں جہالت کے اندھیروں کو علم، عدل اور اخلاق سے روشن کرنے کی ہدایت شامل ہے۔

علمائے کرام کا مزید کہنا تھا کہ آج کے معاشرتی مسائل کا حل حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی تعلیمات میں پوشیدہ ہے، معاشرے میں جھوٹ، ناانصافی، بے حیائی اور خود غرضی عام ہو چکی ہے جبکہ حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے عدل، امانت، صداقت اور خدمتِ خلق کی تعلیم دی، اگر ہم اپنی زندگیوں کو سیرتِ طیبہ کے مطابق ڈھال لیں تو ایک مثالی اسلامی معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے۔

محفل کے اختتام پر حاضرین نے حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ (رپورٹ:شعبہ رابطہ بالعلماء ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)