05فروری2021ء بروز  جمعۃ المبارک مدنی بلڈنگ کراچی میں بسلسلہ برسی والدہ محترمہ رکنِ شوری حاجی عقیل عطاری مدنی کے گھر یوم ِصدیق اکبر و ایصالِ ثواب اجتماع ہوا جس میں نگران کابینہ، ائمہ مساجد کے نگران ، پراپرٹی اینڈ کنسٹریکشن ڈیپارٹمنٹ کے نگران، ماہنامہ فیضان ِمدینہ کے چیف ایڈیٹر محمد آصف عطاری مدنی سمیت دیگر ذمہ داران و اہل خانہ نے شرکت کی ۔

ایصالِ ثواب اجتماع میں مفتی محمد فضیل رضا عطاری نے شانِ صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے موضوع پر بیان کرتے ہوئے حاضرین کو سیرت مصطفی و کردارِ صدیق اکبر کو اپنانے کی ترغیب دلائی۔

مفتی صاحب نے بیان میں فرمایا کہ’’ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا ایمان ایسا ہے کہ ساری امت کا ایمان ایک ترازو کے پلڑے میں رکھ دیا جائے اورحضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کاایمان دوسرے پلڑے میں ہوتو حضرت صدیق اکبر کا ایمان بھاری ہوجائے گا۔حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کی صداقت ایسی ہے کہ آپ کا لقب ہی’’ صدیق اکبر‘‘ یعنی سب سے بڑے تصدیق کرنے والےہیں۔انبیاء کرام علیہم السلام کے بعد تمام انسانوں میں افضل ہیں اور حضرت ابوبکر صدیق تمام صحابہ میں بھی سب سے افضل و اعلیٰ ہیں۔

یاد رہے! جو سب سے افضل ہوتا ہے وہ اللہ تعالی کے زیادہ قریب بھی ہوتا ہے۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم سے محبت کا عالم یہ ہے کہ آپ نے فرمایا’’مجھے تین باتیں بہت پسند ہیں،پہلی بات یہ کہ آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ سلم کے چہرہ ٔمبارکہ کی طرف دیکھتے رہنا، دوسری بات یہ ہے کہ نبی کریم علیہ الصلوۃوالسلام کی خدمت میں مال خرچ کرنا، اورتیسری بات: نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم پر کثرت سے ’’دورد پاک پڑھنا‘‘۔

مفتی صاحب نے خصوصی دعا فرماتے ہوئے رکنِ شوری ٰحاجی عقیل عطاری مدنی کی والدہ محترمہ کی برسی کے موقع پر ہونےوالی قرآن خوانی،نعت خوانی اور دیگر نیک اعمال کا ثواب ان کی والدہ محترمہ کو ایصال کیااور انکے درجات کی بلندی کیلئے دعا فرمائی۔