دعوت اسلامی کے تحت گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی”یوم غوث اعظم رحمۃُ اللہِ علیہ“ کی مناسبت سے بڑی گیارہویں شریف نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی۔

اسی سلسلے میں 06 نومبر 2022ء کو کراچی سمیت پاکستان کے مختلف شہروں اور دنیا کے کئی ممالک میں عظیم الشان ”اجتماع غوثیہ“ کا انعقاد کیا گیا جس میں لاکھوں عاشقان اولیاء شریک ہوئے۔

گیارہویں شریف کا مرکزی اجتماع عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہوا جبکہ کراچی کے علاقے قائد آباد اور گلشن حدید میں بھی اجتماعات منعقد ہوئے ۔ فیضان مدینہ کراچی میں اجتماع سے قبل جلوس غوثیہ کا سلسلہ ہوا جس میں شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے ساتھ دیگر عاشقان رسول شریک ہوئے۔

اجتماع غوثیہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جبکہ نعت خواں اسلامی بھائیوں نے شان غوث پاک رحمۃُ اللہِ علیہ میں منقبتیں پڑھیں جسے سن کر عاشقان اولیاء جھوم اٹھے۔گیارہویں شریف کی مناسبت سے ہونے والے مرکزی اجتماع سے امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مدنی مذاکرے میں سیرت غوث الاعظم رحمۃُ اللہِ علیہ پر گفتگو کرنے کے ساتھ ساتھ عاشقان رسول کو نماز کی پابندی، داڑھی اور عمامہ شریف سجانے کی ترغیب دلائی۔

نگرا ن شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے فیضان مدینہ کراچی میں گیارہویں شریف کی مناسبت سے منعقد ہونے والے اجتماع سے اپنے مخصوص انداز میں سیرت ”غوث الاعظم رحمۃُ اللہِ علیہ “پر بیان کرتے ہوئے شرکا کو نماز کی پابندی کرنے کے ساتھ ساتھ علم دین حاصل کرنے کی ترغیب دلاتے ہوئے فرمایا کہ کاش ہر گھر میں ایک عالم ہو اور عالم بننے کے لئے کوئی عمر نہیں ، آج ہم فکر دنیا میں آخرت کو بھول بیٹھے ہیں ، ہمیں روز مرہ کی چیزوں کی فکر تو رہتی ہے لیکن قبر کی فکر نہیں۔

صلوۃ و سلام اور دعا پر پُر رونق محفل کا اختتام ہوا۔