مجلس رابطہ بالعلما کے ذمہ داران  نے مدنی مرکز کی جانب سے 2019 کے لئے دیئے جانے والے اہداف کو پورا کرلیا۔ ذمہ داران نے 43 ہزار کے قریب علمائے کرام، آئمہ اور خطبائے کرام سے ملاقاتیں کیں اور انہیں دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے کاموں سے آگاہ کیا جبکہ مختلف سنی مدارس کے طلبائے کرام کے لئے ایک سو آٹھ 108سنتوں بھرے اجتماعات منعقد کئے گئے۔

مجلس رابطہ بالعلماء کے پاکستان سطح کے ذمہ دار محمد افضل عطاری مدنی کا مدنی چینل سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 2019ء میں 43 ہزار کے قریب علمائے ومشائخ، آئمہ وخطبا سے کئی کئی بار ملاقاتیں کیں اور انہیں دعوت اسلامی کا تعارف پیش کیا جبکہ تقریبا 1280 آئمہ و خطبا علما و مشائخ کرام نے مدنی مراکز کا دورہ کیا۔

ذمہ دار اسلامی بھائی کا مزید کہنا تھا کہ عاشقانِ رسول کے جامعات و مدارس میں مرکزی مجلس کے شوریٰ کے اراکین اور دیگر ذمہ داران نے ایک سو آٹھ 108سنتوں بھرے اجتماعات میں بیانات کئے جن میں ہزاروں طلبائے کرام نے شرکت کی۔ دعوت اسلامی کے اہم ترین مدنی کام ہفتہ وار مدنی مذاکرہ اور ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات میں 26 ہزار سے زائد طلبا علما وآئمہ نے شرکت فرمائی ۔دعوتِ اسلامی کے تحت اس مجلس نے بارہ مختلف کورسز بھی کروائے جن میں عاشقانِ رسول کے جامعات اور مداس کے 320 طلبائے و علمائے کرام نے حصہ لیا۔

رکن شوریٰ حاجی ابوماجد محمد شاہد عطاری مدنی کا کہنا تھا کہ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ مجلس رابطہ بالعلما کے ذمہ داران کو 2019 میں جو اہداف دیئے گئے تھے وہ اللہ کے فضل و کرم سے انہوں نے بڑے احسن انداز سے پورے کئے۔ آئندہ سال 2020ء کے لئے بھی اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اہداف دینے کی ترکیب ہے۔اللہ پاک ہماری اس مجلس کو بھی مزید ترقیاں عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ دعوت اسلامی جہاں107 سے زائد شعبہ جات کے ذریعے دینِ اسلام کی تبلیغ و اشاعت کا کام کررہی ہے ان میں ایک شعبہ مجلس رابطہ بالعلما بھی ہے جس کے قیام کا مقصد سنی علمائے کرام ،آئمہ ٔ مساجدخطبا اور مدرسین کو عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوت اسلامی کی دینی خدمات سےآگاہ کرنا اور ان سے مدنی کاموں میں معاونت حاصل کرنا اور سنی مدارس و جامعات میں مدنی کام کرنا ہے۔