1500 سواں جشن ولادتِ مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے لئے عاشقانِ رسول کی عالمگیر تحریک دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 23 اگست تا 06 ستمبر 2025ء مدنی مذاکرے کا سلسلہ جاری ہے جس میں دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کے اسلامی بھائی اور پاکستان کے دیگر شہروں کے عاشقانِ رسول کراچی آکر شریک ہورہے ہیں۔

عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کی انتظامیہ کی جانب سے آنے والے مہمانوں کی تواضع کے لئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ مدنی مذاکروں میں شرکت کے لئے آنے والے مہمانوں کو ناشتہ، چائے اور دونوں وقت کا کھانا بالکل مفت فراہم کیا جارہا ہے جبکہ ہنگامی طبی امداد کے لئے مفت چیک اَپ ،ڈاکٹرز اور ادویات کی سہولت بھی موجود ہے ۔ یہ طبی سہولت بغیر کسی فیس کے مریض کو دی جاتی ہے۔

ان مدنی مذاکروں میں شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت اور آپ کی تعلیمات سے شرکا کو آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کےجوابات دے رہے ہیں۔

روزانہ مدنی مذاکرے کا آغاز رات تقریباً 09:15 بجے تلاوت و نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوتا ہے جس کے بعد عاشقانِ رسول امیراہل سنت کی گفتگو سے مستفید ہوتے ہیں ۔ مدنی مذاکروں کا یہ سلسلہ 12 ربیع الاوّل 1447ھ کی صبح بہاراں کی پُر رونق محفل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔

واضح رہے کہ یہ تمام مدنی مذاکرے مدنی چینل پر براہِ راست ٹیلی کاسٹ بھی کئے جارہے ہیں۔ تمام عاشقان رسول پُرجوش انداز میں جشنِ ولادت منانے کے لئے ان مدنی مذاکروں میں ضرور شرکت کریں۔