5 نومبر 2022ء بمطابق 10 ربیع الاٰخر 1444ھ بروز ہفتہ بعد نماز عشاء عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی کے عاشقان رسول نے فیضان مدینہ آکر جبکہ دیگر مقامات پر ہزاروں عاشقان رسول بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت، امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے علم و حکمت سے بھر پور جوابات دیئے اور مسلمانوں کی دینی ومعاشرتی رہنمائی کے لئے مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: کیسا سوال کرنا چاہئے اورسوال کرنے کا اندازکیاہو؟

جواب:حدیث پاک میں ہے :حُسْنُ السُّؤَالِ نِصْفُ الْعِلْمِ یعنی اچھا سوال آدھا علم ہے ۔( شعب الایمان ،رقم الحدیث 6568 )سوال علماءواہلِ علم سے کرنا چاہئے،سوال بھی بامقصدہویعنی سوال وہ کیا جائے جس سےاپنی ذات یا دوسروں کو فائدہ ہورہا ہو،تفریح کے طورپریا سامنے والے کو لاجواب کرنے کے لیے سوال نہ کیا جائے ،جس سے سوال کررہے ہیں اس کی حالت کو بھی دیکھ لیا جائے ،اگر وہ تھکاہواہویا جلدی میں ہو تو سوال نہ کیا جائے۔موقع کی مناسبت سے سوال کیاجائے ،کثرت ِسوال بھی منع ہے ۔

سوال: سوشل میڈیا کی وجہ سے گناہوں بالخصوص بدنگاہی سے بچنامشکل ہے،اس صورت میں کیا کریں ؟

جواب: سوشل میڈیاسے پہلے بھی گناہوں سے بچناضروری تھا اوراب بھی ضروری ہے ،گناہ سے بچناجتنا مشکل ہوگا ،بچنے پرکوشش زیادہ کرناپڑے گی اور اس کا ثواب بھی زیادہ ہوگا،بھرپورکوشش کریں گے تو گناہ سے بچ جائیں گے،ان شاء اللہ الکریم، شروع میں دُشواری ہوگی، پھر گناہوں سے بچنے کی عادت ہوجائے گی ،گناہوں سے توبہ اوراللہ پاک سے گناہوں سے بچنے کی توفیق کی دعابھی کر تے رہیں۔

سوال : کرامت کسے کہتے ہیں ؟

جواب : جوبات عادۃً محال ہو،یعنی عام عادت کے مطابق نہ ہوتی ہو،اگریہ کسی ولی یا صحابی سے ظاہر ہوتواسے کرامت کہتے ہیں ۔

سوال: کیا کھمبی کھاسکتے ہیں ؟

جواب: جی ہاں! میں نے کھمبی کھائی ہے ،اس کا ذائقہ گوشت سے ملتاجلتامعلوم ہوتاہے۔

سوال: کیاگھڑی سیدھے ہاتھ میں باندھی جائے ؟

جواب: جی ہاں !اکرام اوراحترام والےکام سیدھے ہاتھ اورسیدھی جانب سے کرنا اچھا ہے۔

سوال: اللہ پاک کی ملاقات کا شوق کیسے پیداہو؟

جواب: اللہ پاک کی ملاقات کا شوق ہونا چاہئے،یہ دعاکرنی چاہئے کہ یااللہ پاک !مجھے اپنی ملاقات کا شوق عطافرما،جب یہ ذہن بن گیا تو موت اچھی لگے گی ۔

سوال: امیراہل سُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے13نومبر 2022ء کو ہونے والے ٹیلی تھون (عطیات مہم) میں یونٹ جمع کروانے کے حوالےسے کیا فرمایا؟

جواب: ٭جو دے سکتے ہوں وہ ایک ساتھ 1 یونٹ یعنی 10 ہزارروپےدے دیں٭ہر ماہ 2500روپے دے دیں تو 4 ماہ میں1 یونٹ مکمل ہوجائے گا٭ہر ماہ 2ہزاردے دیں تو 5 ماہ میں یونٹ مکمل ہوجائے گا٭ہر ماہ 1 ہزارروپے دے دیں تو ایک یونٹ 10 ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔٭ہر دعوتِ اسلامی والا کم از کم 1 یونٹ دے۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” سب سے آخری نبی “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت مدظلہ العالی نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یارَبَّ المصطفےٰ! جو کوئی 42صفحات کا رسالہ : "سب سے آخری نبی" پڑھ یا سُن لے، اُسے بے حساب بخش کر جنت الفردوس میں اپنے سب سے آخری نبی ،مکی مدنی ،محمدِ عربی صلی اللہ علیہ و اٰلہ سلم کا پڑوسی بنا۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔