نیو ایئر نائٹ  کے موقع پر عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں مدنی مذاکرے کا انعقاد

بانیِ دعوتِ اسلامی نے گزشتہ سال کے اعمال کا محاسبہ کرنےاور آئندہ سال میں اچھے اعمال کرنے کا ذہن دیا

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات (31 دسمبر اور1 جنوری کی درمیانی شب) نیو ایئر نائٹ کے موقع پر گزشتہ سال کے اعمال کا محاسبہ کرنےاور آنے والے سال میں اچھے اعمال کے لئے کمر بستہ ہونے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس کا آغاز تلاوتِ کلامِ رحمٰن، نعتِ رسول صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا ۔ ابتداءً رکنِ شوریٰ حاجی امین عطاری و دیگر مبلغین نے مدنی پھولوں کا تبادلہ کیا جس کے بعد عالمی مذہبی اسکالر امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادریدَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

رات12 بجے سے کچھ لمحے پہلے(تقریباً 11:57 پر) امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اور دیگر عاشقانِ رسول نے ترنم میں درودِ پاک کا ورد شروع کردیا جس کا سلسلہ 12 بجے کے بعد تک جاری رہا۔ ملک بھر میں جہاں لوگ مختلف مقامات پر جمع ہوکر آتش بازی کا مظاہرہ کرکے ربِّ کریم کی ناراضگی کا سامان کررہے تھے عین اس وقت دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز کی فضاء مصطفےٰ جانِ رحمت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے سچی محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے صلاۃ و سلام سے گونج رہی تھی۔

آخر میں امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے نئے آنے والے سال میں عالمِ اسلام اور بالخصوص وطنِ عزیز کی سالمیت و بقا اور ترقی کے لئے دعائیں کیں ۔