نارتھ کراچی، کریلا اسٹاپ سیکٹر 5B/3میں پہلا یتیم خانہ بنام ”مدنی ہوم“ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

”مدنی ہوم“ 15کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا جائے گا

دعوت اسلامی کے شعبہ فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن FGRFکے تحت کراچی کے علاقے نارتھ کراچی کے سیکٹر 5B/3کریلا اسٹاپ پر واقع مدینہ مسجد سے متصل جگہ پر پہلے مدنی ہوم ”یتیم خانہ“ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔اس پروجیکٹ کی مکمل تعمیرات کم و بیش 15 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا جائیگا۔

تقریب سنگ بنیاد میں مفتی محمد سجاد عطاری مدنی، مفتی محمد جمیل عطاری مدنی، اراکین شوریٰ حاجی مولانا عبد الحبیب عطاری، حاجی امین عطاری، حاجی محمد علی عطاری، حاجی محمد امین قافلہ عطاری اوردیگر ذمہ داران سمیت نعت خواں، ڈپٹی کمشنر سینٹرل، بزنس مین اور مقامی معززین بھی شریک ہوئے۔

اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن شوریٰ حاجی مولانا عبد الحبیب عطاری کا کہنا تھا کہ معاشرے میں امن اور استحکام کے لئے بچپن ہی سے یتیم بچوں کو دینی ماحول فراہم کریں گے جس سے ہمارے معاشرے میں مزید بہتری آئے گی۔

رکن شوریٰ نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں ایسے بہت سارے بچے ہوتے ہیں کہ جو یتیم ہوجاتے ہیں، لاوارث ہوجاتے ہیں، بعض اوقات ان کے والدین کے اندر جدائی ہوجاتی ہےاور بچہ کسی سائے کے بغیر رہ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ہم نے یتیم کی سرپرستی کرنے کے حوالے سے بہت سےفضائل بھی سن رکھے ہیں، بظاہر تو یہ لگتا ہےہم سب کو ایک ایک بچے کو اپناکر اس کی پرورش کرنی چاہیئےاور جنت کے خزانے حاصل کرنےکے لئے ان بچوں کو اپنے گھر میں رکھنا چاہیئے، مگر آج کے دور میں یہ آسان نہیں ہےلیکن دعوت اسلامی نے ہمارے لئے کام کرنابڑا آسان کردیاکہ اتنی بڑی فضیلتیں جو قرآن و حدیث میں آئیں ہےان کو حاصل کرنے کے لئےاور اگر ہم ان دکھیارے بچوں کو اسپانسر Sponsor کرنا چاہتے ہیں تو ایک شاندار ادارہ بنانے کی طرف دعوت اسلامی کے ڈیپارٹمنٹ FGRFنے قدم بڑھادیا ہے۔

مولانا عبد الحبیب عطاری نے اس کی پلاننگ کے حوالےسے بریفنگ دیتے ہوئے فرمایا کہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ ایک بچہ جو ہمارے پاس آئے گا اس کا یہی گھر ہوگا، اس کی یہی فیملی ہوگی، دعوت اسلامی اس کے لباس، اس کے علاج، اس کی تعلیم و تربیت اور مستقبل کے حوالے سے کفالت کرے گی۔ اس بچے کو دینی و دنیاوی دونوں تعلیم دی جائے گی، تعلیم دیتے وقت مستقبل میں اس کے روزگار کو بھی مد نظر رکھا جائے گا۔ دعوت اسلامی کے پلان میں یہ بھی شامل ہے کہ جو بچہ یہاں سے پرورش حاصل کرے گا اسے دعوت اسلامی کے مختلف ڈیپارٹمنٹ میں ترجیحی بنیادوں پرEmployeeبھی رکھا جائے گا۔

بیان کے بعد یتیم خانہ بنام ”مدنی ہوم“ کا سنگ بنیاد دار الافتاء اہلسنت کے مفتیان کرام، اراکین شوریٰ، ذمہ داران دعوت اسلامی سمیت دیگر عاشقان رسول نے مل کر رکھا۔