دعوت اسلامی کے زیر اہتمام 23 اگست 2022ء کو مدنی مرکز فیضان مدینہ کاہنہ نو لاہور میں طلبہ کرام کے درمیان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں لاہور اور اطراف کے شہروں میں قائم جامعات المدینہ کے 16 ہزار طلبہ کرام، اساتذہ اور ناظمین نے شرکت کی۔

مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران حاجی مولانا محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”عبادت کی لذت“کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور طلبہ کی تربیت کرتے ہوئے انہیں اپنے اندر قرآن پاک کی محبت پیدا کرنے، درس نظامی کے ساتھ ساتھ قرآن پاک بھی حفظ کرنے کی ترغیب دلائی۔آپ دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مزید فرمایا کہ طلبہ کو سبق یاد نہ ہونے یا معاشی مسائل کے سبب تعلیم ادھوری نہیں چھوڑنی چاہیے۔ اس کے علاوہ نگران شوریٰ نے شرکا کو ”مسواک شریف“ کی ترغیب دلائی اور ”نیک اعمال“ کے رسالے اور یوم دعوت اسلامی سے 12ماہ کے مدنی قافلے میں سفر کرنے کا بھرپور ذہن دیا۔

اس موقع پر نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری، اراکین شوریٰ حاجی محمد امین عطاری، حاجی مولانا محمد اسد عطاری مدنی، حاجی مولانا محمد جنید عطاری مدنی، حاجی برکت علی عطاری، نگران شعبہ پروفیشنلز ڈیپارٹمنٹ محمد ثوبان عطاری، نگرانِ مجلس جامعات المدینہ (بوائز) پاکستان مولانا ظفر عطاری مدنی، تعلیمی امور پاکستان کے مولانا گل رضا عطاری مدنی اور صوبائی ذمہ دار مولانا ناظم شاہ عطاری بھی موجود تھے۔