دعوتِ اسلامی کے زیرِاہتمام گزشتہ رات (یکم ستمبر 2024ء کو ) کورنگی ساڑھے 3 میں عظیم الشان اجتماع بسلسلہ استقبالِ ماہِ میلاد منعقد کیا گیا ۔

اجتماع میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے خصوصی بیان کیا ۔ اس موقع پر کراچی بھر سے بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول نے مرکزی عیدگاہ گراؤنڈ میں آکر اجتماع میں شرکت کی جبکہ لاکھوں عاشقانِ رسول مدنی چینل کے ذریعے اجتماع میں گھر بیٹھے شریک ہوئے۔

اجتماع کاآغاز رات 10 بجے تلاوت سے ہواجس میں قاری عبدالمالک عطاری نے اللہ پاک کے کلام قرآنِ مجید کی آیاتِ مبارکہ کی بڑے خوبصورت انداز میں تلاوت کی۔

تلاوت کے بعد مدنی چینل کے نعت خواں محمد عدنان شیخ عطاری ، مولانا احمد رضا عطاری مدنی اور مولاناوقار عطاری مدنی نے نعتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پڑھ کر بارگاہِ رسالت میں ہدیہ پیش کیا۔

تلاوت و نعت کے بعد دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اسوۂ حسنہ کے موضوع پر خصوصی بیان کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیرتِ نبوی سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ جیسے ہی کوئی غیر مسلم مسلمان ہوتے، صحابی بنتے تو رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم صحابۂ کرام علیم الرضوان سے فرماتے کہ ان کو دین سکھاؤ، یعنی نیو مسلم کی دینی تربیت کرنے ، قرآن سکھانے اور شرعی اصول سکھانے کے لئے صحابۂ کرام علیم الرضوان کی ذمہ داریاں لگادی جاتیں ۔ اَلحمدُ لِلّٰہ! دعوتِ اسلامی بھی بڑی تیزی کے ساتھ غیر مسلموں کو دین کے قریب کررہی ہے اور اب تک صرف ملاوی افریقہ میں 16 ہزار غیر مسلم مسلمان ہوچکے ہیں۔دعوتِ اسلامی نے اِن نان مسلمز کی رہنمائی کے لئے شعبہ Welcome to Islam بنایا ہوا ہے اور مختلف ممالک میں اسلامک سینٹرز قائم کررکھے ہیں جہاں نیو مسلمز کی اسلامی تربیت کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مسلمان جس ملک میں بھی رہیں کرادرِ مصطفیٰ ﷺ کو فالو کریں، اپنے کردار کو ہمیشہ ستھرا رکھیں۔ جھوٹ نہ بولیں، دھوکے نہ دیں، بددیانتی نہ کریں ، امانت ادا کریں ، وعدہ پورا کریں ، شرافت کے ساتھ جیئیں، اللہ پاک نے چاہا تو ان شاء اللہ اس کی برکت سے غیر مسلم بھی دین کے قریب آئیں گے۔ میلاد و اجتماعات کا مقصد یہی ہے کہ ہم رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اعلی کردار کے بارے میں سنیں اور اس کو اپنی زندگی میں اپنائیں۔

ہمیں سیرتِ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے یہ درس ملتا ہے کہ کسی سے کوئی غلطی ہوجائے تو ہمیں معاف کردینا چاہیئے۔آج تقریباً ہر ایک دوسرے سے دست و گریبان نظرآتا ہے، ایک بےچینی سی پھیلی ہوئی ہے۔ بس والا رکشے والے سے، بائیک والا کار والے سے ، گھر میں ،خاندان میں ، ہر جگہ جھگڑے ہی جھگڑے نظر آتے ہیں۔ اگر ہم معاف کرنا سیکھ لیں تو ہمارے بہت سارے مسائل حل ہوجائیں اور زندگی سکون میں آجائے۔

نگران شوریٰ نے دورانِ بیان سود کی مذمت، رشوت کی مذمت، دھوکہ و ملاوٹ کی مذمت، فضول خرچی، ذخیرہ اندوزی کی مذمت پر روایات بیان کیں اور ان برائیوں سے اسلامی معاشرے کو پاک کرنے کے لئے عاشقانِ رسول و متعلقہ اداروں کو مثبت اقدامات کرنے کا ذہن دیا۔

نگرانِ شوریٰ نے تاجدارِ ختمِ نبوت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے آخری نبی ہونے کے متعلق روایات بھی بیان کیں اور یہ واضح کیا کہ ختم نبوت ہر ایک مسلمان کے بنیادی عقیدوں میں سے ایک عقیدہ ہے جس پر کوئی کمپرومائس نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم صحابۂ کرام علیم الرضوان کی سیرت کو دیکھیں پڑھیں تو پتا چلتا ہے کہ جو آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا ہے وہ ہمارا ہے ،جو آقا کا نہیں وہ ہمارا نہیں۔ ہمیں بھی اس اصول کو اپنا لینا چاہیئے کہ جو حضور کا ہے وہ ہمارا ہے جو پیارے آقا کا نہیں وہ ہمارا نہیں۔

بیان کے بعد رکن شوریٰ حاجی محمد امین عطاری نےاجتماع کو منعقد کرنے میں تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ بالخصوص ڈپٹی کمشنر کورنگی ، SSP کورنگی، چیئر مین کورنگی ٹاؤن اور ان کا اسٹاف، پولیس، رینجرز، MNA’s ، MPA’s ، ٹاؤن انتظا میہ، گراؤنڈ انتظامیہ اور کوششیں کرنے والے ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔

آخر میں نگرانِ شوریٰ نے دعا کروائی جبکہ صلاۃ و سلام پر اجتماع کا اختتام ہوا۔ (رپورٹ: محمد عمرفیاض مدنی)

اجتماع کی مکمل ویڈیو دیکھنے کے لئے نیچے لنک پر کلک کیجئے

Korangi ijtama link