بخاری شریف دینِ اسلام کی اہم  کتابوں میں سے ایک ہے جس میں حضور خاتم النبیین حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے فرامین ذکر کئے گئے ہیں اور اس کتاب کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اَصَحُّ الکُتُبِ بَعْدَ الْقُرْاٰنْ”قراٰنِ کریم کے بعد سب سے صحیح کتاب“نیز علمائے کرام کا یہ معمول رہا ہے کہ وہ اس کے آغاز میں پہلی حدیث اور اختتام پر آخری حدیث پڑھنے کا اہتمام کرتے ہیں۔

اسی عادتِ کریمہ کو باقی رکھتے ہوئے عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام آج بروز ہفتہ 17 جنوری 2026ء کو بعد نمازِ عشا رات تقریباً 8:30 بجے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”ختمِ بخاری شریف و ہفتہ وار مدنی مذاکرہ“ کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس موقع پر شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ دنیا بھر کے جامعات المدینہ کے دورۂ حدیث شریف کے طلبہ و طالبات کو بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیں گے۔

واضح رہے جامعۃالمدینہ بوائز کے دورۂ حدیث شریف میں پڑھنے والے طلبۂ کرام فیضانِ مدینہ کراچی میں شرکت کریں گےجبکہ جامعۃالمدینہ گرلز کی طالبات اپنے اپنے گھروں سے بذریعہ مدنی چینل ”ختمِ بخاری شریف“ میں شریک ہوں گی۔