دعوت اسلامی کے شعبے مرکز الاقتصادی الاسلامی، دار الافتاء اہلسنت اور جامعۃ المدینہ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام 5 مارچ 2023ء کو کراچی کے علاقے سلطان آباد میں واقع انسٹیٹیوٹ آف بینکرز پاکستان کے آڈیٹوریم میں ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مفتی محمد ہاشم خان عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، مفتی شفیق عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، مفتی محمد حسان عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، مفتی جمیل عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، اسلامک فنانس کورس کے بیج تھری (Three) اور فورتھ (Forth) کے اسٹوڈنٹس، ذمہ داران دعوت اسلامی اور مختلف شعبہ ہائےزندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب میں ماہر امور تجارت مفتی علی اصغر عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی کا کہنا تھا کہ دعوت اسلامی انشاء اللہ الکریم بہت جلد عالیشان اسلامک فنانس سینٹر قائم کرنے جارہی ہے جہاں فارغ التحصیل علمائے کرام آپ کو کنسلٹینسی (Consultancy) فراہم کریں گے۔

بعد ازاں نگران شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”رزقِ حلال کمانے اور سود سے بچنے“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔ بیان کرتے ہوئے نگران شوریٰ نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصدیہی ہونا چاہیئے کہ آپ کے اور میرے مال میں کسی کا حق شامل نہ ہو اور ہمارے مال میں کسی بھی قسم کی حرام کی آمیزش نہ ہو، چاہے وہ وارثوں کا مال ہو، خواں وہ یتیموں کا مال ہو۔ ہمیں اس بات پر زیادہ زور دینا ہے کہ ہمیں حرام سے بچنا ہے اور یہی بات ہمیں ہر ایک بچے کے، نوجوان کے، جاب کرنے والے اور پروفیشنلز سمیت ہر ایک کے ذہن میں شامل کرنا ہے کہ تم صرف اپنے رب کی رحمت اور عطا پر نظر رکھو ، حق لو، حق دو، اللہ پاک تمہارے لئے بہتر فرمائے گا۔

دعوت اسلامی کے تحت ہونے والے دینی و فلاحی کاموں پر مشتمل ڈاکومنٹری (Documentary) بھی دکھائی گئی جبکہ اختتام پر نگران شوریٰ ، مفتیان کرام اور ذمہ داران نے کورس مکمل کرنے والے بیج تھری اور فورتھ کے 166 پروفیشنلز اور 74 علمائے کرام میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیں۔