دعوت اسلامی کے زیر اہتمام 12 ربیع الاوّل 1447ھ کو تاریخ میں پہلی بار بحریہ ٹاؤن کراچی میں 1500 واں جشن ولادت مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم منانے کے لئے جلوسِ میلاد کا انعقاد کیا گیا۔

اس روح پرور جلوس میں شعبہ رابطہ برائے شخصیات کے مولانا یوسف سلیم عطاری مدنی کے ہمراہ سینکڑوں عاشقانِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اپنی اپنی گاڑیوں میں شریک ہوئے۔ گاڑیوں پر سبز پرچموں کی بہار اور ہاتھوں میں لہراتے جھنڈے عشقِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی تصویر پیش کر رہی تھی۔ عاشقانِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے لبوں پر درود و سلام کی صدائیں تھیں جنہوں نے فضا کو معطر کر دیا۔

جلوس کے دوران نعت خوانی اور ذکرِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا سلسلہ بھی جاری رہا جبکہ راستوں میں موجود لوگوں نے بھی اس جلوس کو عقیدت و احترام کے ساتھ خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر مولانا یوسف سلیم عطاری مدنی نے کہا کہ:

"آج بحریہ ٹاؤن کراچی میں یہ پہلا جلوسِ میلاد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم منعقد ہوا ہے جو اس بات کی علامت ہے کہ عشقِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہر دل میں بسا ہوا ہے۔ ہم سب کا مقصد یہ ہے کہ اپنے نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ولادت کا جشن عقیدت و محبت کے ساتھ منایا جائے اور اُن کی تعلیمات کو عام کیا جائے۔"

واضح رہے کہ یہ جلوس بحریہ ٹاؤن کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا جلوسِ میلاد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم تھا جو عاشقانِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے لئے ایک تاریخی اور روحانی لمحہ بن گیا۔