عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں نماز کورس کا سلسلہ

معلم اسلامی بھائی نے جماعت کے فضائل اور اہمیت بیان کی

تفصیل:

دعوت اسلامی کی مجلس کورسز کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں تین دن کا فیضانِ نماز کورس ہوا جس میں مجلس سیکیورٹی کے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ دورانِ کورس معلم اسلامی بھائی نے باجماعت نماز کے فضائل اور جماعت کی اہمیت بیان کی۔ معلم اسلامی بھائی نے حدیث پاک بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عثمانِ غنی رَضِیَ اللہُ عَنْہُ کے غلام حضرت حمران رَضِیَ اللہُ عَنْہُ سے روایت ہے،حضور اقدس صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’جس نے کامل وضو کیا، پھر فرض نماز کے لیے چلا اور امام کے ساتھ نماز پڑھی، اس کے گناہ بخش دئیے جائیں گے۔‘‘ (شعب الایمان، باب العشرون من شعب الایمان وہو باب فی الطہارۃ، ۳، الحدیث: ۲۷۲۷)

معلم اسلامی بھائی نے مزید کہا کہ مفتی احمد یار خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: جماعت میں دینی و دنیوی بہت سی حکمتیں ہیں۔ ٭جماعت سے آپس کا اتفاق بڑھتا ہے ٭ روزانہ پانچ بار کی ملاقات اور دعا و سلام دل کی عداوت دور کرتا ہے ٭ اگر جماعت میں ایک کی نماز قبول ہوگئی تو سب کی قبول ہے ٭ مسجد کی طرف آنے جانے میں ہر قدم پر دس نیکیاں ملتی ہیں۔(رپورٹ:محمد احمد عطاری مدنی، معاون نگران مجلس کورسز)