18 جمادی الاولٰی, 1446 ہجری
اعتکاف ایک قَدِیم اور عظیم عبادت ہے۔پچھلی اُمَّتوں میں بھی اعتِکا ف کی عبادت موجود تھی جبکہ اسلام میں رَمَضانُ الْمُبارَک کےآخِری عَشرے کا اعتِکاف سنَّتِ مُؤَکَّدَہ عَلَی الْکِفایہ ہے۔(درمختار،3 /495) یعنی اگر سب تَرْک کریں تو سب سے مُطالبہ ہوگااور اگر شہر میں ایک نے کر لیا توسب بریُ الذِّمّہ۔ (فیضان رمضان مرمم، ص 235بحوالہ بہار شریعت ، 1/1021) نبیِ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: مَنِ اعْتَکَفَ عَشْراً فِیْ رَمَضَانَ کَانَ کَحَجَّتَیْنِ وَعُمْرَتَیْن یعنی جس نےرَمَضانُ الْمُبارَک میں دس دن کا اعتِکاف کرلیا وہ ایسا ہے جیسے دو حج اور دو عمرے کئے۔
ایک ماہ کا اعتکاف کرنا بھی نبیِ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ثابت ہے۔چنانچہ بخاری شریف میں ہے کہ نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ایک بار پورے ماہِ رمضان کا اعتکاف بھی فرمایا۔(بخاری،1/167،حدیث:2031) اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ ہر سال دعوتِ اسلامی کے تحت ہزارہا اسلامی بھائی جہاں آخری عشرے کا اعتکاف کرتے ہیں وہیں پورے رمضان المبارک کا بھی اجتماعی اعتکاف کرتے ہیں۔ اس سال 1440ھ (2019ء) میں بھی دعوتِ اسلامی کے تحت ملک و بیرونِ ملک کئی مقامات پر پورے ماہِ رمضان کا اجتماعی اعتکاف جاری ہے۔ اگر دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ باب المدینہ کراچی کی بات کی جائے تو صرف عالمی مدنی مرکز میں ملک بھر اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے تقریباً چار ہزار تین سو سے زائد عاشقانِ رسول ایک ماہ کا اعتکاف کررہے ہیں۔
دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے اجتماعی اعتکاف میں نمازِ پنجگانہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ تَحِیَّۃُّ الْوُضُو، تَحِیَّۃُّ الْمَسْجِد، تَہَجُّد،اِشراق،چاشت،اَوَّابِین، صلوٰۃُ التّوبہ اور صلوٰۃُ التَّسبیح کے نَوَافل بھی ادا کئے جاتے ہیں۔ وضو، غسل، نماز اور دیگر ضروری احکام سکھائے جاتے ہیں، مختلف سنّتیں اور دعائیں یاد کروائی جاتی ہیں، اِفطار کے وقت رِقَّت انگیز مُناجات اور دعاؤں کے پُرکَیف مَناظر ہوتے ہیں نیز نمازِ عصر اور تراویح کے بعد شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے مدنی مذاکروں میں شرکت کی سعادت بھی نصیب ہوتی ہے۔اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ مَدَنی مذاکرہ علمِ دین حاصل کرنے کا ایک آسان اور دلچسپ ذریعہ ہے۔مَدَنی مذاکروں میں اسلامی بھائی شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ سے مختلف موضوعات مثلاً عقائد و اعمال،فضائل و مناقِب، شریعت و طریقت، تاریخ و سیرت اور دیگر موضوعات سے متعلق سوالات کرتے ہیں اور آپ دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ انہیں عشقِ رسول میں ڈوبے ہوئے حکمت آموز جوابات سے نوازتے ہیں۔
اب تک کی اطلاع کے مطابق اجتماعی اعتکاف بالخصوص مَدَنی مذاکروں اور بعدِ فجر نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی کے ہونے والے سنتوں بھرے بیان سے متاثر ہوکر کثیر اسلامی بھائیوں نے باجماعت نمازِ پنجگانہ کی پابندی، عمامہ شریف اور ایک مٹھی داڑھی سجانے اور گناہوں سے بچنے کی نیت کی،والدین اور دیگر رشتے داروں کے حقوق کے بارے میں سننے کے بعد بعض اسلامی بھائیوں نے ہاتھوں ہاتھ اپنے گھر فون کرکےوالدین اور بہن بھائی وغیرہ سے گزشتہ غلطیوں کی مُعافی مانگی اور آئندہ حُقُوقُ العباد پورے کرنے کی نیت کی۔کثیر عاشقانِ رسول کو شیخ طریقت امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے ہمراہ سحری کی سعادت بھی حاصل ہورہی ہے جبکہ آپ دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی ترغیب پر معتکفین کی ایک بڑی تعداد کھجور روٹی سے سحری کی سعادت حاصل کررہی ہے۔
فضلِ ربّ سے گناہوں کی عادت چُھٹے،, مَدَنی ماحول میں کر لو تم اعتکاف
نیکیوں کا تمھیں خوب جذبہ ملے، مَدَنی ماحول میں کر لو تم اعتکاف