شعبہ تعلیم دعوت اسلامی کے زیر اہتمام 3 مارچ 2021ء کو انٹرنیشنل سطح پر اسٹوڈنٹس اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک و  بیرون ملک میں 525 مقامات پر اسٹوڈنٹس اور ایجوکیشن سے وابستہ افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مدنی مرکز فیضان مدینہ اسلام آباد سے مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانامحمد عمران عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِینے مدنی چینل کے ذریعے سنتوں بھرا بیان کیا۔ نگران شوریٰ کا جوانی میں عبادت کرنے کے حوالے سے مدنی پھول بیان کرتے ہوئےکہنا تھا کہ حضرت علامہ زین الدین عبد الرحمن ابن رجب حنبلی رحمۃ اللہ علیہ جوانی میں عبادت کے تعلق سے ارشاد فرماتے ہیں: جس شخص نے اللہ کو اس وقت یاد رکھا جب وہ جوان وتندرست تھاتو اللہ عَزَّوَجَلَّ اُس کا اُس وقت خیال فرمائے گا جب وہ بوڑھا اور کمزور ہوجائیگااور اُسے بُڑھاپے میں اچھی قوت، اچھی سماعت، اچھی بصارت ، طاقت ، ذہانت عطا فرمائیگا۔ نگران شوریٰ نے مزید کہا کہ حضرت سیدنا ابو طیب طبری رحمۃ اللہ علیہ نے 100 سال سے زیادہ عمر پائی ہے، آپ ذہنی اور جسمانی لحاظ سے تندرست اور توانا تھے،آپ سے کسی نے صحت کا راز پوچھا تو فرمایا کہ میں جوانی میں اپنی جسمانی صلاحیتوں کو گناہوں سے محفوظ رکھا اورآج میں بوڑھا ہوگیا ہوں تو اللہ عَزَّوَجَلَّ نے انہی میرے لئے باقی رکھا۔مولانا عمران عطاری نے شرکا کو ترغیباً ارشار فرمایا کہ ہمیں جوانی میں عبادت کے ذریعے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کو راضی کرنا چاہیئے کیونکہ جوانی رب کو راضی کرنے کے لئے ہے۔ آپ نے جوانی پر حدیث پاک بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمارے آقا مکی مدنی مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا کہ” اپنی جوانی میں عبادت کرنے والے نوجوان کو بُڑھاپے میں عبادت کرنے والے بوڑھے پر ایسی فضیلت حاصل ہے جیسے مرسلین کو تمام نبیوں پر“۔مولاناعمران عطاری نے اسٹوڈنٹس کو ہر معاملات میں اللہ عَزَّوَجَلَّ پر تَوَکُّل کرنے اور دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم حاصل کرنے کی بھی ترغیب دلائی۔