کراچی: (ویب ڈیسک) گزشتہ  روز المدینۃ العلمیہ کے شعبہ ذمہ داران کا مدنی مشورہ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں منعقد ہوا جس میں رکنِ شوریٰ حاجی ابو ماجد محمد شاہد عطاری مدنی نے ذمہ داران کی خصوصی تربیت فرمائی۔ تمام شعبہ ذمہ داران نے اپنے شعبے کی موجودہ صورت حال کے بارے میں رکنِ شوریٰ کو بریف کیا۔

مدنی مشورے میں بتایا گیا کہ المدینۃ العلمیہ کی جانب سے فتاویٰ اہلِ سنّت پر مشتمل ایک ضخیم کتاب کا پروجیکٹ شروع ہونے جارہا ہے، یہ کتاب کثیر جلدوں پر مشتمل ہوگی جس میں ہزاروں فتاویٰ جات شامل ہوں گے۔

المدینۃ العلمیہ کا شعبۂ حدیث استاذالحدیث مفتی حسان عطاری مدنی کی زیرِ نگرانی شرح صحیح بخار ی پر کام شروع کرچکاہے، شرح صحیح بخاری 10 جلدوں پر مشتمل ہوگی۔

رکنِ شوریٰ نے خوشی کی خبر سناتے ہوئے بتایا کہ المدینۃ العلمیہ کا ایک شعبۂ سیرت بھی بننے جارہا ہے جو تاجدارِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت پر مستقل تحقیقی کام کرے گا۔

ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے ناظم محمد راشد عطاری مدنی کا کہنا تھا کہ صحابہ کرام کی سیرت پر ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں شائع ہونے والے تمام مضامین کو یکجا کرکے صحابہ کرام کی سیرت پر ایک کتاب ترتیب دی جارہی ہے جو تقریباً 500 سے زائد صفحات پر مشتمل ہوگی،ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کتاب پر کام کا آغاز ہوچکا ہے، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ دو ماہ میں یہ کتاب فائنل کردی جائے گی۔

رکنِ مجلس المدینۃ العلمیہ محمد عدنان چشتی مدنی نے بتایا کہ مدنی علمائے کرام امیر اہلِ سنت کی حیات پر کتاب”امیرِ اہلِ سنت کی کہانی انہی کی زبانی“ مرتب کررہے ہیں جو کہ 450 صفحات پر مشتمل ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کتاب مدنی چینل کے پروگرامز (مدنی مذاکروں، امیر اہلِ سنت کی کہانی انہی کی زبانی اور دلوں کی راحت ) کی مدد سے لکھی جارہی ہے۔

ناظم و رکنِ مجلس المدینۃ العلمیہ محمد آصف خان عطاری مدنی نے مدنی مشورہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ شیخ الحدیث و التفسیر مفتی محمد قاسم عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی کی تحریر کردہ نئی کتاب سیرۃ الانبیاء پر تحریر اور ڈیزائننگ کا کام مکمل ہوچکا ہے، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ 20 جولائی تک مکتبۃالمدینہ کو چھپنے کے لئے بھیج دی جائے گی اور بہت جلد قارئین کے ہاتھوں میں ہوگی۔

انہوں نے مزید بتا یا کہ حلیۃ الاولیا کی جلد 9 پر تحریری کام تقریباً فائنل ہوچکا ہے جبکہ 10ویں جلد کا ترجمہ ابھی جاری ہے۔ ہمارا ہدف ہے کہ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ سال2020 کے اختتام تک حلیۃ الاولیاء کی تمام جلدیں اور قوت القلوب مکمل کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امیر اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی منقبتوں پر مشتمل دیوان بھی زیرِ ترتیب ہے جس میں مختلف شعرا کی لکھی ہوئی 150 سے 200 تک مناقبِ عطار شامل کی جائیں گی۔