رجب المرجب کی 27 ویں شب کے  مختصر سے حصے میں پیارے آقا، مکی مدنی مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم براق پر سوار ہوکرمسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک پھر وہاں سے نور کی سیڑیوں اور فرشتوں کے پَروں پر سوار ہوکر آسمانوں کی سیر کرتے ہوئے لامکاں تک تشریف لے گئے تھے جہاں انہوں نے اپنے سَر کی آنکھوں سے (بیداری کی حالت میں) اللہ پاک کا دیدار کیا تھا۔

اسی شب کی یاد تازہ کرتے ہوئے 16 جنوری 2026ء بمطابق 27 رجب المرجب 1447ھ کو دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”اجتماع شبِ معراج“ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تلاوتِ قراٰن، نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، شبِ معراج کے قصیدے اور بیانات سمیت مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوگا۔

تفصیلی معلومات کے مطابق دعوتِ اسلامی کے تحت 16 جنوری کو ہونے والے ”اجتماع شبِ معراج“کا آغاز بعد نمازِ عشا تقریباً 8:30 بجے تلاوتِ قراٰنِ مجید سے کیا جائے گا اور نعت شریف پڑھی جائے گی۔

تلاوت و نعت کے بعد شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ قراٰن و حدیث کی روشنی میں معراج شریف کے واقعات بیان فرماتے ہوئے عاشقانِ رسول کو مختلف مدنی پھولوں سے نوازیں گے اور اُن کی دینی ، اخلاقی و تنظیمی اعتبار سے تربیت فرمائیں گے۔

فیضانِ مدینہ کراچی کے اطراف میں رہنے والے عاشقانِ رسول اس اجتماعِ پاک میں لازمی شرکت کریں اور دیگر علاقوں سمیت مختلف شہروں میں رہنے والے عاشقانِ رسول اپنے قریبی اجتماعات میں شرکت کرکے شبِ معراج کو دھوم دھام سے منائیں۔