دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 03 اگست 2025ء بروز اتوار کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر واقع نشتر پارک میں استقبالِ ماہِ ربیع الاول اور  پندرہ سوویں جشنِ ولادت مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم منانے کی مناسبت سے عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری، نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری، اراکینِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری،عبد المبین عطاری،حاجی محمد اطہر عطاری، عبد الوہاب عطاری،حاجی وقار المدینہ عطاری،حاجی محمد علی عطاری، حاجی فضیل عطاری، علمائے کرام، نعت خواں حضرات، سیاسی و سماجی شخصیات، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

اجتماع کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا جس کے بعد نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”اخلاقِ مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمکے موضوع پرسنتوں بھرا ایمان افروز بیان فرمایا۔

بیان میں انہوں نے کہا:آج ہمارا معاشرہ جھوٹ، غیبت، بدگمانی، بدزبانی اور حسد جیسی اخلاقی برائیوں میں گھر چکا ہے، جبکہ سیرتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہمیں ان سے بچنے اور حسنِ اخلاق اپنانے کا درس دیتی ہے۔ ہمیں صرف میلاد منانے تک محدود نہیں رہنا، بلکہ میلاد والے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اخلاق کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا ہوگا۔ مولانا عمران عطاری نے شرکا کو نمازوں کی پابندی، مدنی قافلوں کے ذریعے علمِ دین کے حصول اور نیکی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی بھی ترغیب دی۔

اجتماع میں امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ کا خصوصی ویڈیو کلپ بھی چلایا گیا جس میں آپ نے عاشقانِ رسول کو جشنِ ولادتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم جوش و خروش سے منانے اور تاجر برادری کو اشیائے ضروریہ میں خصوصی رعایت دینے کا ذہن دیا۔

عظیم الشان اجتماع کا اختتام ذکرِ الٰہی، صلوٰۃ و سلام اور خصوصی دعا پر ہوا۔ مدنی چینل پربھی اس روح پرور اجتماع کی براہِ راست نشریات کی گئیں، جنہیں دنیا بھر میں لاکھوں عاشقانِ رسول نے دیکھا اور روحانی فیض حاصل کیا۔