دورۃ الحدیث شریف درسِ نظامی (عالم کورس) کی آخری کلاس ہے جس میں آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے فرامین احادیث مبارکہ کی کتابیں پڑھائی جاتی ہے۔ احادیث مبارکہ کی سب سے صحیح ترین کتاب بلکہ اَصَحُّ الکُتُب بعدَ کتابِ اللہ ”بخاری شریف“ ہے جو دورۃ الحدیث شریف کے نصاب میں شامل ہے۔صدیوں سے یہ سلسلہ چلا آرہا ہے کہ جب بھی بخاری شریف کا آغاز ہوتا ہے تو خصوصی طور اہتمام کے ساتھ بخاری شریف کی پہلی حدیث پڑھ کر اُس کا افتتاح کیا جاتا ہے اور افتتاحِ بخاری کی باقاعدہ تقریب منعقد کی جاتی رہی ہے۔

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عالم کورس کروانے والے تعلیمی ادارے ”جامعۃ المدینہ “ کی جانب سے بھی اِس مقدس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ہر سال افتتاحِ بخاری کا سلسلہ بڑے اہتمام کے ساتھ ہوتا ہے۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی 12 اپریل 2025ء بروز ہفتہ دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں”افتتاح بخاری شریف“ کا انعقاد کیا جائے گا۔ افتتاح بخاری کے سلسلے میں مدنی مذاکرے کا اہتمام ہوگا جس میں تلاوت و نعت کے بعد شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔

اس مدنی مذاکرے میں کراچی میں 6 مقامات پر قائم دورۃ الحدیث کی کلاسز کے طلبۂ کرام عالمی مدنی مرکز میں آکر جبکہ ملک و بیرون ملک کے طلبہ و طالبات مدنی چینل کے ذریعے شریک ہونگے۔ مدنی مذاکرے کے دوران امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ بخاری شریف کی پہلی حدیث پڑھ کر سنائیں گے جبکہ حدیثِ پاک کی شرح بھی کا درس بھی ہوگا۔

تمام عاشقانِ رسول سے اس خصوصی مدنی مذاکرے میں شرکت کرنے کی درخواست ہے۔