20 اپریل 2024ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں عظیم الشان ”اجتماع افتتاحِ بخاری شریف“کا انعقاد کیا گیا جس میں خصوصی طور پردورۃ الحدیث اور جامعۃ المدینہ کے دیگر طلبائے کرام سمیت مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول نے شرکت کی جبکہ اس پروگرام کو مدنی چینل پر بھی براہِ راست نشر کیا گیا۔پروگرام میں مدنی چینل کے ذریعے ملک و بیرون ملک کے عاشقانِ رسول بھی شریک ہوئے۔ اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسول مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا۔

اجتماع افتتاح بخاری شریف میں شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ پیارے پیارے طلبائے کرام اور مدنی چینل کے ذریعے شریک طالبات جن کا تعلق دورۃ الحدیث شریف سے ہے۔آپ سب کو بہت بہت مبارک ہو کہ الحمد للہ آپ دورۃ الحدیث شریف کے درجے میں آگئے اور ”افتتاح بخاری شریف“ کی تقریب میں شرکت کرنے کی سعادت پارہے ہیں۔ امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے طلبۂ کرام کو نصیحت کرتے ہوئےکہا کہ دورۃ الحدیث شریف درسِ نظامی کی آخری کلاس ہے ، اس درجے میں کوتاہی نہیں کرنی بلکہ پچھلی کلاسز میں جو کوتاہی ہوئی ہے اس کی تلافی کرنی ہے اور سچا پکا ”عالمِ دین“ بن کر درسِ نظامی مکمل کرنی ہے۔مضبوط عالم بننے کے لئے صرف درسِ نظامی کرنا ضروری نہیں بلکہ مزید مطالعہ اور علماء کی صحبت اختیار کرنا بہت اہمیت کا حامل ہے۔ امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے طلبۂ کرام کو درسِ نظامی کے بعد تخصصات میں بھی داخلہ لینے کی بھی ترغیب دلائی۔

وعظ و نصیحت کے بعد شیخ طریقت امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے بخاری شریف کی پہلی حدیث پڑھ کر سنائی اور اس کی تشریح بیان کی۔ خصوصی مدنی مذاکرے میں امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے طلبۂ کرام کو تعلیم کے ساتھ ساتھ 12 دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور استقامت کے ساتھ تبلیغ دین کرنے کاذہن دیا۔

اس عظیم الشان اجتماع میں نگرانِ شوریٰ، دارُالافتاء اہلسنت کے مفتیانِ کرام اور جامعۃ المدینہ کے اساتذۂ کرام اور ناظمین بھی موجود تھے۔