اللہ تعالیٰ نے انسان کو پاکیزہ اور حلال چیزوں کو اختیار کرنے کا حکم ارشاد فرمایا ہے،تو اس اعتبار سےدینِ اسلام میں حلال و حرام اور پاکی و ناپاکی کا علم بھی ایک عظیم نعمت کا درجہ رکھتا ہے جس کے ذریعے انسان اپنی زندگی کو شریعت کے مطابق گزار کر دنیا و آخرت کی کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔

الحمدللہ! اسی مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے دارالافتاء اہل سنت کے تحت شعبہ حلال ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کونسل (Halal Research & Advisory Council)نے 22 اگست بروز جمعہ ایک اہم ویبینار(آن لائن) بعنوان ”حلال کاسمیٹکس“ (Halal Cosmetics) کا انعقاد کیا۔ اس ویبینار میں تقریباً 400 کے لگ بھگ افراد نے شرکت کی۔جس میں جامعات و مدارس کے اساتذہ و طلبہ، اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز کے اسٹوڈنٹس، کاسمیٹکس انڈسٹری سے وابستہ افراد، اسلامی بہنوں اور بیرونِ ممالک کے افراد کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

شرکائے کورس میں پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، امریکہ، انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ، اسپین، سری لنکا، جنوبی کوریا، اٹلی، ماریشس، بنگلہ دیش، نیپال، عمان، جنوبی افریقہ، بوطسوانا، سویڈن، نیوزی لینڈ، جرمنی، آسٹریلیا، کینیڈا، افغانستان، ہانگ کانگ، نیدرلینڈز، موزمبیق جیسے ممالک کے افراد شامل تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ تخصص فی الفقہ الحنفی و فقہ الحلال کے طلبائے کرام نے بھی اس ویبینار میں حصہ لیا۔

اس سیشن کا آغاز اللہ تعالیٰ کی لاریب کتاب قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد نعت شریف پڑھی گئی۔ بعد ازاں حلال ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کونسل کا تعارف پیش کرتے ہوئے ، اس شعبہ کے ہیڈ اور مجلس تحقیقات شرعیہ کے رکن مولانا مفتی محمد ساجد عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے کاسمیٹکس کی شرعی حیثیت اور اس سے متعلق امور پر تفصیلا گفتگو فرمائی جس میں سےچند عنوانات یہ ہیں:

٭ زینت کے متعلق حکم شرع ٭حلال کاسمیٹکس کا تعارف ٭حلال کاسمیٹک سے متعلق شریعت اور سٹینڈرڈز کے قوانین کا جائزہ ٭حلال ، حرام اور مشبوہ اجزاء کی امثلہ ٭ الکوحل کا استعمال اور شرعی نقطۂ نظر ٭حلال سرٹیفکیشن کا عمل اور اس کے فوائد

آخر میں مفتی صاحب نے شرکا کے سوالات کے جوابات بھی دیئے ۔کورس کے متعلق تقریباً سو (100) شرکانے تاثرات وتجاویز بھی دی ہیں جن میں سے چند تاثرات ملاحظہ کیجئے۔

٭"ماشاءاللہ الکریم، آج کا ویبینار بہت مفید رہا، مفتی صاحب کی جانب سے ان چیزوں پر رہنمائی کی گئی جن کی طرف عموماً توجہ نہیں ہوتی۔اور اسلامی بہنوں کا اس شعبہ سے زیادہ تعلق ہوتا ہے، تو ان کے اشکالات دور کرنے اور کئی نئی چیزیں آج کے ویبینار میں سیکھیں۔اللہ پاک مفتی صاحب اور اس دار الافتاء اہلسنت کے اس شعبے میں کام کرنے والے تمام افراد کو صحت عافیت اور سلامتی کے ساتھ رکھے، دین متین کی خدمتیں کرنے پر اپنی رحمت کے شایان شان اجر عطا فرمائے، امیر اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ کو صحت وسلامتی اور عافیت والی طویل زندگی عطا فرمائے، حاسدوں کے حسد سے بچائے، دعوت اسلامی کو دن رات ترقیاں وعروج عطا فرمائے۔ آمین آمین آمین یا رب "

٭الحمدللہ! بہت ہی پیارا سیشن تھا اور خاص کر کے breathable nail polish کے بارے میں معلومات اور اس کو لگانے کے باوجود کون کون سی صورتیں ہو سکتی ہیں کہ جن سے وضو نہیں ہو گا، وہ بہت زبردست معلومات تھیں۔

٭ہم نے پہلے بھی کئی webinars میں شرکت کی ،مفتی صاحب کی تحقیق ہمارے لیے بہت اہم اور فائدہ بخش رہی اور جس طرح حلال کاسمیٹکس اور اس کے مقاصد پر شرعی رہنمائی فرمائی الحمدللہ قابل تحسین عمل ہے۔

٭بہت اچھی اور بہت زیادہ معلومات کم وقت میں مفتی صاحب نے دی۔ اللہ انکو اور حلال ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کونسل کی پوری ٹیم کو سلامت رکھے اور خوب برکت دے۔

یہ ویبینار بحمداللہ ایک شاندار اور کامیاب سیشن ثابت ہوا، جس سے شرکاء کو علمی و عملی فائدہ حاصل ہوا ۔اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ ہماری اس کوشش کو قبول فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم (رپورٹ: قیصر عباس ، مرکز الاقتصاد الاسلامی، جوہرٹاؤن لاہور)

شعبہ حلال ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کونسل(HRAC)

دار الافتاء اہل سنت دعوت اسلامی

25-08-2025