دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 05 مئی 2024ء کو ” حج تربیتی اجتماع“و ”محفلِ مدینہ“ کا انعقاد کیا گیا ۔

حج تربیتی اجتماع کا آغاز بعد نماز ظہر تلاوت قرآن پاک اور بارگاہِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں ہدیۂ نعت پیش کرتے ہوئے ہوا جس میں رواں سال حج پر جانے والے عاشقانِ رسول اور دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

رکن شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیااور اجتماع میں شریک عازمین کو مکۃ المکرمہ زادھَا اللہُ شرفاً وَّ تعظیماً کی حاضری، احرام باندھنے کا طریقہ، حج و عمرہ کا طریقہ، طوافُ الزیارہ، رمی، سعی اور دیگر امور پر شرکا کی رہنمائی کرتے ہوئے اہم معلومات فراہم کیں۔ اذان عصر پر حج تربیتی اجتماع کا اختتام ہوا۔

بعد نماز عشاء عظیم الشان ”محفلِ مدینہ“ سجائی گئی ۔ محفل مدینہ میں اس سال حج پر جانے والے عاشقانِ مدینہ نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اس محفل میں نگران شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، اراکین شوریٰ، ذمہ داران دعوتِ اسلامی اور مختلف شعبہ جات سے وابستہ عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔

محفل کے آغاز میں قرآنِ پاک کی تلاوت کی گئی اور ہدیۂ نعت پیش کیا گیا۔ عاشقِ مدینہ، شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول میں انتہائی شفیق انداز میں علمِ دین سے بھر پور بیان کیا اور شرکا کی حاضریٔ مکہ و مدینہ کے آداب، سنتیں، دعائیں اور فرائض و واجبات کے حوالے سے رہنمائی کی۔امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےدوران حج کی جانے والی غلطیوں کی بھی نشاندہی کی اور ”رفیق الحرمین“ پڑھنے کی ترغیب دلائی۔

امیر اہلسنت سے قبل نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے بھی اسلامی بھائیوں کی حج و عمرہ کے حوالے سے رہنمائی کی اور سنتوں بھرا بیان کیا۔ محفل مدینہ میں خوبصورت کلام اور نعتیں بھی پڑھی گئیں، اس موقع پر رنگیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ محفل مدینہ کے اختتام پر صلوۃ و سلام پڑھا گیا اور امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے خصوصی دعا بھی کروائی۔