فیصل آباد سمندری   میں قائم فٹبال اسٹیڈیم نزد واپڈا آفس میں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوت اسلامی کے تحت 12 ستمبر 2024ء کو سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا جس میں ڈجکوٹ، تاندلیانوالہ، ماموں کانجن، مریدکے، گوجرہ اور سمندری سٹی سمیت اطراف سے کثیر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

آغازِ اجتماع تلاوتِ قراٰن و نعتِ رسولِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا جس کے بعد مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئےآقائے نامدار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اوصاف و کمال کو بیان کیا۔

نگرانِ پاکستان مشاورت نے حاضرین کو پیارے آقا مکی مدنی مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سنتوں پر عمل کرنے، نمازوں کی پابندی کرنے اور نیک کاموں میں حصہ لیتے رہنے کی ترغیب دلائی۔

بعدِ بیان عاشقانِ رسول نے آقائے دوجہاں حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا جبکہ نگرانِ پاکستان مشاورت نے رقت انگیز دعا کروائی۔

آخر میں نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے جامعۃالمدینہ سمندری سے فارغ التحصیل ہونے والے اسلامی بھائیوں کی دستار بندی بھی کی اور انہیں دعاوں سے نوازا جبکہ وہاں موجود اسلامی بھائیوں نے نگرانِ پاکستان مشاورت سے ملاقات بھی کی۔(رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالو اپ ذمہ دار نگرانِ پاکستان مشاورت، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)