دعوت اسلامی کے زیر اہتمام عاشقان رسول کو دینی تعلیمات سے وابستہ کرنےاور نیکی کی دعوت عام کو کرنے کے لئے وقتاً فوقتاً دنیا بھر میں مدنی قافلے سفر کرتے رہتے ہیں۔دعوت اسلامی کا نہایت اہم ”شعبہ مدنی قافلہ“ مدنی قافلے کے شیڈول بنانے میں دنیا بھرکے مقامی سرکاری چھٹیوں کو مدنظر رکھتاہے تاکہ عاشقان رسول علم دین سیکھنے کے لئے بآسانی مدنی قافلے میں سفر کرسکیں۔

پاکستان میں بھی ماہ فروری 2022ء میں 4 اور 5 تاریخ کو سرکاری طور دو چھٹیاں آرہی ہیں۔اسی سلسلے میں پاکستان بھر سے 4، 5 اور 6 فروری کو تین دن کے مدنی قافلے سفر کریں گے۔ ان مدنی قافلوں میں عاشقان رسول کو نہ صرف علم دین سیکھنے کا موقع میسر آئے گا بلکہ اسلاف کرام رحمۃ اللہ علیہم اجمعین کی سنت پر عمل کرتے ہوئے نیکی کی دعوت کو عام بھی کرسکیں گے۔

شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ بھی بارہا مدنی قافلے میں سفر کرنے کی ترغیب ارشاد فرماتے رہتے ہیں ۔

ایک مدنی مذاکرے میں مدنی قافلے کے حوالے سے امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اپنے جذبات کا اظہار کچھ یوں فرمایا کہ دعوت اسلامی میں میرا پسندیدہ ترین کام ”مدنی قافلہ“ ہے اور میں بھی مدنی قافلے والا ہوں کیونکہ ”مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے“ ۔ مدنی قافلہ بہت سے دینی کاموں کا مجموعہ ہے جس میں مدنی انعا م پر عمل، تحصیل علمِ دین اور بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔