صدر ادارہ تحقیقات امام احمد رضا کراچی و ماہر رضویات پروفیسر ڈاکٹر مجید اللہ قادری صاحب دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی والدۂ ماجدہ شاہجہاں بیگم قادریہ حشمتیہ کے سوئم کے سلسلے میں 26 جنوری 2022ء کو ان کی رہائش گاہ خانقاہ قادریہ رضویہ مجیدیہ پر محفل کا انعقاد کیاگیا جس میں مرحومہ کے عزیز و اقربہ، علمائےکرام ، شخصیات اور خانقاہ سے وابستہ مریدین و معتقدین سمیت اسکالر اسلامک ریسرچ سینٹر دعوتِ اسلامی مولانا عمر فیاض عطاری مدنی اور اسلامک ریسرچ سینٹر دعوتِ اسلامی کے لائبریری انچارج مولانا تصور رضا عطاری مدنی نے شرکت کی۔

اس موقع پر مولانا تصور رضا عطاری مدنی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیک اولاد اللہ رب العزت کا عظیم تحفہ ہوتی ہے، اگر اولاد زمین پر نیک اعمال کرے تو رسول اللہ ﷺ کے فرمان کے مطابق اس کے اعمال کا ثواب والدین کو قبر میں پہنچتا رہتا ہے ، الحمدللہ مرحومہ کے صاحبزادے پروفیسر مجید اللہ قادری صاحب 70 سےزائد کتب کے مصنف ہیں اور اہل سنت و جماعت بالخصوص رضویات کے تعلق سے جو خدمات انجام دے رہے ہیں وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ علیہ کے ترجمۃ القرآن کنزالایمان پر دنیا میں سب سے پہلے P.H.D کرنے والے پروفیسر مجید اللہ قادری صاحب کی اِن تمام خدماتِ دینیہ اور نیکیوں کا ثواب یقیناً ان کی والدۂ مرحومہ کو قبر میں بھی ملتا رہے گا۔

محفلِ نعت میں دیگر علمائے کرام نے بھی اظہارِ خیال کیا جبکہ ثناخوان حضرات نے بارگاہِ رسالتِ مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔

اختتام پر ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے پروفیسر مجید اللہ قادری صاحب سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت کی اور مرحومہ کی حتمی مغفرت و بلندیِ درجات کے لئے دعا کی۔

واضح رہے کہ مرحومہ شاہجہاں بیگم قادریہ حشمتیہ کا 24جنوری2022ء کو گلستانِ جوہر کراچی میں انتقال ہوگیا تھاجن کی نمازِ جنازہ کراچی یونیورسٹی کی جامع مسجد قباء میں ان کے فرزند ڈاکٹر مجید اللہ قادری صاحب کی امامت میں ادا کی گئی جبکہ اسٹاف کالونی کراچی یونیورسٹی کے قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔