جیسے جیسے سائنس ترقی کرتی جا رہی ہے اسی رفتار سے دنیا میں ٹرانسپورٹ کے دھوئیں اور فیکٹریوں کی جانب سے پھیلائی جانےوالی فضائی آلودگی سے زمین کا درجہ حرارت بھی بڑھتا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں موسمی حالات میں شدت اور انسانی زندگی پر اس کے مُضِر اثرات مرتب ہوتے جا رہے ہیں۔ گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کے لئے دنیا بھر میں شجرکاری پر زور دیا جارہا ہے، اس نیک کام میں دعوتِ اسلامی کی طرف سے بھی بھرپور انداز میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا اور بانیِ دعوتِ اسلامی نے مدنی چینل پر ایک ارب پودے لگانے کا اعلان فرمایا۔ ہدف کو علمی جامہ پہنانے کے لئے اب تک WWF، فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ حکومتی اداروں جانب سے بھی تعاون کا سلسلہ رہا۔

شجرکاری مجلس کی جانب سے دعوتِ اسلامی کے شب وروز کو ملنے والی رپورٹ کے مطابق FGRF کی جانب سے سال 2021 میں 19 لاکھ 35 ہزار سے زائد اور سال 2022میں اب تک 3لاکھ 83 ہزار سے زائد پودے لگادیئے گئے ہیں۔ یعنی اگر ٹوٹل تعداد کی بات کی جائے تو دعوتِ اسلامی کی جانب سے ملک بھر میں اب تک 23 لاکھ 18 ہزار سے زائد پودے لگائے گئے ہیں جوکہ ایک اچھی تعداد ہے۔

اس کے علاوہ دعوتِ اسلامی اربن فاریسٹ پر بھی کام کررہی ہےاور اب تک 12 مقامات پر اربن فاریسٹ پلانٹیشن کی جاچکی ہے۔

شجرکاری مجلس کے ایک ذمہ دار اسلامی بھائی حاجی الطاف عطاری نے شب وروز کو مزید بتایا کہ یکم اگست 2022ء سے شروع ہونے والی شجر کاری مہم کا ہدف 12 لاکھ متعین کیا گیا تھا، لیکن اس وقت ملکِ پاکستان کے بہت سارے شہر زیرِ آب چکے ہیں اور سیلابی صورت حال سے دوچار ہیں، اس وجہ سے شجرکاری مہم بھی متاثر ہوئی ہے۔ حالات معمول پر آنے کے بعد اِن شآءَ اللہ ان علاقوں، شہروں میں بھی شجر کاری مہم کا آغاز کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دعوتِ اسلامی کی شجرکاری مہم کو سراہتے ہوئے چند روز قبل ہی پنجاب اسمبلی میں ایک رکن پنجاب اسمبلی کی جانب سے امیر اہل سنت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد بھی پیش کی گئی تھی جسے متفقہ طور پر قبول کیا گیا تھا اور اراکینِ پنجاب اسمبلی نے بانیِ دعوتِ اسلامی علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کو بڑے پیمانے پر شجرکاری کرنے کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ (رپورٹ: محمد عمر فیاض عطاری مدنی)