10 جنوری 2026ء کو دعوتِ اسلامی کے شعبہ جامعۃ المدینہ بوائزکے زیر اہتمام ”دستار فضیلت و تقسیم اسناد اجتماع“ دھوبی گھاٹ گراؤنڈ فیصل آباد میں نہایت شایانِ شان انداز میں  منعقد ہوا جس میں علمائے کرام، اراکینِ شوریٰ، D.I.Gسہیل احمد سکھیرا، سیاسی و سماجی شخصیات، والدین و سرپرست، ذمہ داران دعوتِ اسلامی اور جامعۃ المدینہ کے اساتذہ و ناظمین، طلبائے کرام اور دیگر عاشقان رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے ”محدث اعظم پاکستان حضرت علامہ مولانا سردار احمد قادری رحمۃُ اللہِ علیہ کی سیرت، علمی و دینی خدمات کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔ بیان میں علمِ دین کی عظمت، طلبۂ کرام کی شب و روز محنت اور دعوتِ اسلامی کی بے لوث دینی خدمات کو اُجاگر کیا گیا۔

بیان کے بعد جامعات المدینہ فیصل آباد ڈویژن سے تخصصات اور درس نظامی (عالم کورس) مکمل کرنے والے علمائے کرام کے سروں پر نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری اور رکن شوریٰ مولانا حاجی محمد جنید عطاری مدنی اور اساتذۂ کرام کے ہاتھوں دستار سجائی گئی۔ اس کے علاوہ فارغ التحصیل علمائے کرام، حفظ و ناظرہ مکمل کرنے والے طلبۂ اور مختلف کورسز کرنے والے اسلامی بھائیوں کے اسناد بھی پیش کی گئیں۔

اس موقع پر حاضرین، اساتذۂ کرام اور والدین کی آنکھوں میں فخر اور شکرگزاری کے جذبات جھلک رہے تھے۔صلوۃ و سلام اور دعا پر شاندار اجتماع کا اختتام ہوا۔