عاشقانِ رسول کی عظیم دینی درس گاہ دارالعلوم حنفیہ غوثیہ کے مہتمم قاری عبدالقیوم نقشبندی صاحب کی دعوت پر  سابقہ سال کی طرح اس سال بھی P.E.C.H.S (Pakistan Employees Cooperative Housing)سوسائٹی نزد طارق روڈ میں تجوید و قرأت و درس نظامی کے طلبۂ کرام کے درمیان اخلاقی،معاشرتی اور امامت کے بنیادی مسائل سے آگاہی کے لئے 8تا12 فروری 2025ء کو ٹریننگ سیشن منعقد کیا گیا۔

8 تا 12 فروری تک جاری اس ٹریننگ سیشن میں دعوت اسلامی کے شعبہ مدنی کورسز،شعبہ کفن دفن اور شعبہ امامت کورس کے معلمین و ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکا کی تربیت کی۔

ٹریننگ سیشن میں امامت کی شرائط ،میت کو غسل دینے / کفن پہنانے کا پریکٹیکل مع ضروری مسائل، اخلاق و اعمال کو درست کرنے کے لئے ’’اصلاح اعمال کورس‘‘ جبکہ صلاحیتوں اور اخلاقیات میں اضافے کے لئے ’’ کریکٹر بلڈنگ کورس‘‘ کروایا گیا۔

ٹریننگ سیشن کے آخری دن 12فروری 2025ء کو مرکزی مجلس شوری کے رکن مولانا حاجی ابو ماجدمحمد شاہد عطاری مدنی نے ’’کامیاب انسان بننے کے اصولوں ‘‘ پر اہم نکات بیان کرتے ہوئے طلبۂ کرام کی تربیت کی۔

رکن شوری نے طلبۂ کرام کی ذہن سازی کرتے ہوئے انہیں باادب رہنے، مستقل مزاجی اپنانے اور وقت کی پابندی کرنے نیز اپنے تعلیمی امور مکمل کرنے کی ترغیب دلائی۔

اختتام پر رکن شوری نے مہتمم قاری عبدالقیوم نقشبندی صاحب اور شیخ الحدیث ڈاکٹر نور احمد شہتاز صاحب کو صحیح بخاری کی شرح ’’ضیاء القاری جلد 1‘‘جبکہ درسِ نظامی کے اساتذۂ کرام کے لئے مفتی محمد قاسم عطاری سلمہ الباری کی تصنیف ’’اے لوگو‘‘ تحفے میں پیش کی ۔ٹریننگ سیشن کے بعد رکن شوری نے ادارے کے اساتذۂ کرام سے ملاقات بھی کی۔(رپورٹ: محمد عابد عطاری مدنی معاون رکن شوری حاجی محمد عقیل عطاری مدنی، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)