حضرت سید عثمان علی شاہ صاحب بخاری رحمۃُ اللہِ علیہ کے صاحبزادے اور آستانۂ عالیہ حضرت کرماں والا شریف کے سجادہ نشین بابا جی پیر سید میر طیب علی شاہ بخاری صاحب 15 جنوری 2022ء کو اوکاڑہ پنجاب میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔اِنَّا لِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْن

آپ تقریباً پچھلے ایک ماہ سے علالت کے سبب اسپتال میں زیرِ علاج تھے ، آپ کی نماز جنازہ 15 جنوری 2022ء بروز ہفتہ بعد نماز عصر آستانہ عالیہ کرماں والا شریف اوکاڑہ میں شرقپور شریف کے مولانا میاں ابوبکر صاحب کی امامت میں ادا کی گئی ۔ نمازِ جنازہ میں بابا جی کے بڑے بھائی صوبائی وزیر پیر سید صمصام علی بخاری صاحب دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ، آپ کے دو صاحبزادوں پیر سید محرام بخاری صاحب دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ، سجادہ نشین پیر سید شہر یار شاہ بخاری صاحب دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اور کثیر علما و مشائخِ کرام سمیت بڑی تعداد میں مریدین، معتقدین و محبین نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ حضرت بابا جی سیدمیر طیب علی شاہ بخاری رحمۃُ اللہِ علیہ دین اسلام کی خدمت کرنے کے ساتھ ساتھ اہلسنت کی عالمی تنظیم دعوت اسلامی سے بڑی محبت فرماتے تھے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ اپنے مریدین و محبین سے کہتے کہ میں اُس سے ملاقات کروں گا جو تین دن کے قافلے میں سفر کرے گا، یہی وجہ ہے کہ آپ کے آستانے سے کئی مدنی قافلے وقتاً فوقتاً راہِ خدا میں سفر کرتے رہتے تھے۔

رکنِ شوریٰ حاجی ابوماجد مولانامحمد شاہد عطاری مدنی اور دعوتِ اسلامی کی آفیشل نیوز ویب سائٹ ”دعوتِ اسلامی کے شب وروز“ کی پوری ٹیم بابا جی رحمۃُ اللہِ علیہ کے بڑے بھائی پیر سید صمصام علی بخاری صاحب دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ، آپ کے دو صاحبزادوں پیر سید محرام بخاری صاحب دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ، سجادہ نشین پیر سید شہر یار شاہ بخاری صاحب دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اور تمام لواحقین، مریدین و محبین سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور ساتھ ہی دعاگو ہے کہ اللہ رب العزت نبی کریم ﷺ کے صدقے میں ان کو جنت میں بلند درجات عطا فرمائے، ان کی دینی خدمات کو قبول فرماکر ان کے لئے ذریعہ نجات بنائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔