دعوتِ اسلامی کی جانب سے یومِ تحفظِ عقیدۂ ختمِ نبوت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا
(رپورٹ:
محمد عمر فیاض مدنی، دعوتِ اسلامی کے شب وروز)
7 ستمبر 1974 کا
دن مسلمانوں کے لئے ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اس دن علامہ شاہ احمد نورانی،شیخ الحدیث علامہ مصطفیٰ
الازہری، مولانا عبدالستار خان نیازی و دیگر عمائدینِ اہل سنت رحمہم اللہ المبین کی
بھرپور کوششوں سے قادیانیوں کو قومی اسمبلی میں ان کے کفریہ عقائد کی بناء پر غیر
مسلم اور پاکستان کی چھٹی اقلیت قراردے کر اسلام کے بنیادی عقیدۂ ختم نبوت کو آئینی
وقانونی تحفظ فراہم کیا گیا۔
ملکی تاریخ کے اس عظیم روشن ترین تاریخ ساز دن ”7ستمبر“کو
عاشقانِ رسول یومِ تحفظِ عقیدۂ ختم نبوت مناتے ہیں، محافلِ نعت منعقد کرتے ہیں،
بیانات سننے سنانے کا سلسلہ ہوتا ہے اور ختمِ نبوت کے عقیدے کو قرآن و سنت کی
روشنی میں بیان کیا جاتا ہے۔
دعوتِ
اسلامی جو کہ عاشقانِ رسول کی ایک بہت بڑی تحریک ہے ،اس کی جانب سے بھی
یومِ تحفظِ ختمِ نبوت نہایت ہی مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں سب سے
پہلے بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ
مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عشقِ رسول سے
لبریز دلنشین نعرے لکھ کر عُشّاقانِ رسول کو محبتِ رسول کا جام پلایا اور پھر اپنے ایک ویڈیو
پیغام میں تمام تاجروں اور دکانداروں سے اپیل کی کہ 7 ستمبر یومِ تحفظ ختم نبوت کی
مناسبت سے اپنی دکانوں پر 7فیصد ڈسکاؤنٹ دیں۔ اس پیغام کے ملتے ہیں بہت سارے تاجروں نے لبیک کہا اور اپنی دکانوں کے آگے 7فیصد ڈسکاؤنٹ کے پینافلیکس
آویزاں کردیئے۔
عقیدۂ ختمِ نبوت کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کے لئے صبح
10 بجے دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں قائم جامعۃ المدینہ میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں
استاذ الحدیث مفتی محمد حسان عطاری مدنی مُدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے ”عقیدۂ
ختم ِ نبوت“ کے عنوان پر خصوصی بیان فرمایا جسے مدنی چینل پر براہِ راست نشر بھی کیا گیا۔ سینکڑوں طلبہ نے فیضانِ مدینہ میں
جبکہ ہزاروں طلبہ نے اپنے اپنے جامعات المدینہ میں اجتماعی طور پر بذریعۂ مدنی چینل اس تقریب میں شرکت کی۔ مفتی حسان عطاری نے قرآن و
سنت کی روشنی میں عقیدۂ ختمِ نبوت کو اُجاگر
کیا اور طلبہ کونبی کریم ﷺ کے آخری نبی
ہونے کے متعلق تفصیلاً آگاہی فراہم کی۔
اس کے علاوہ رات 9 بجے مدنی چینل پر خصوصی پروگرام
بنام”آخری نبیﷺ “ کے عنوان سے نشر کیا
گیا جس میں شیخ الحدیث و التفسیر مفتی قاسم قادری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی ، نگرانِ مرکزی مجلسِ شوریٰ مولانا حاجی عمران عطاری ، ترجمان دعوتِ اسلامی
مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری اور
مولاناحافظ اشفاق عطاری مدنی نے شرکت کی۔
پروگرام میں بات کرتےہوئے مفتی قاسم صاحب کا
کہنا تھا کہ ختمِ نبوت کا عقیدہ قرآن کی کئی آیات سے ثابت ہے اور اس کا منکر کافر
ہے۔ خود جن احادیث میں حضور تاجدارِ ختمِ نبوت ﷺ نے اپنے آخری نبی ہونے کا واضح بیان فرمایا ان کی تعداد تین سو سے زائد
ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عقیدۂ ختمِ
نبوت دین کی اساس و بنیاد ہے ، جس طرح آنحضرت ﷺ کو نبی ماننا لازمی ہےاسی طرح ان کو آخری نبی
ماننا بھی لازمی ہے۔
حاجی عبدالحبیب عطاری نے مدنی چینل کے ناظرین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی
یہ اہم ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو جس طرح کلمہ ، نماز، سچ، اچھائی ، برائی
وغیرہ کے بارے میں بتاتے ہیں اسی طرح ختمِ
نبوت کے بارے میں بھی اپنے بچوں کو خوب اچھی طرح عقائد بتائیں تاکہ ان
بچوں کا عقیدہ مضبوط اورمحفوظ ہوجائے۔
اس موقع پر مفتی ِ اہل سنت مفتی قاسم صاحب سے
قادیانی فرقے، ان کے مکر و فریب اور باطل
اَدِلّہ سے متعلق مختلف سوالات بھی کئے
گئے جن کے انہوں نے نہایت تفصیل سے جوابات
ارشاد فرمائے۔
نوٹ: مفتی قاسم عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی کا یہ
پروگرام دیکھنا ہر عاشقِ رسول کے لئے نہایت ہی مفید ہے جس کو دیکھنے سے عشقِ رسول
میں اضافہ اور ایمان مضبوط ہوگا۔ ان شاء اللہ۔ پروگرام کا لنک نیچے دیا گیا ہے۔
Watch Mufti Qasim Attari Program