6دسمبر 2020ء کو مجلس مدنی قافلہ دعوت اسلامی کے زیر اہتمام بذریعہ ویڈیو لنک سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی، حیدر آباد، ملتان، فیصل آباد، لاہور اور اسلام آبادسمیت ملک و بیرون ملک میں کم و بیش 900 مقامات پر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں اراکینِ شوریٰ حاجی محمد امین عطاری، حاجی امین قافلہ اور حاجی سید لقمان عطاری سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران حاجی مولانا محمد عمران عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے ”نیکی کی دعوت کی اہمیت و ضرورت“پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ نیکی کی دعوت یہ اتنا عظیم کام ہے جو میرے کام آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کیا، ہمیں اللہ پاک کے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت پاک کو پڑھنا اور سمجھنا چاہیئے۔ نگران شوریٰ نے مزید فرمایا کہ صحابہ کرام علیہمُ الرِّضوان نے نبی پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ساتھ سفر کرکے، تکلیفیں اٹھاکر، حتٰی کے اپنی جانوں کو قربان کرکےاسلام اور دین کی دعوت دے کرہم سب کے لئے نمونہ عمل پیش کیا۔ حاجی عمران عطاری نے مدنی پھول ارشاد فرماتے ہوئے فرمایا کہ نیکی کی دعوت دینے میں لذت ہے ، بد قسمتی سے ایک بڑی تعداد اس لذت سے محروم ہے. نگران شوریٰ نے مدنی قافلے میں سفر کرنے کی ترغیب دلاتے ہوئے فرمایا کہ زندگی گزارنے کا طریقہ مدنی قافلہ سکھاتا ہے، معاشرہ ہمارے کردار سے بنتا ہے ہم اچھے معاشرہ اچھا ،ہم بُرے معاشرہ بُرا، مسجد میں بیٹھنے کا جذبہ مدنی قافلے سے ملتا ہے، عبادات کی درستگی مدنی قافلے میں نصیب ہوتی ہے، قلبی و ذہنی سکون مدنی قافلے میں ملتا ہے۔