22 دسمبر  کو شمالی دنیا بشمول پاکستان میں سال کا سب سے چھوٹا دن اور سب سےلمبی رات ہوتی ہےجبکہ اسی تاریخ کو جنوبی دنیا کے لئے سال کا سب سے بڑا دن اور سب سے چھوٹی رات ہوتی ہے۔

٭سورج کی سالانہ حرکت٭

سورج سال میں دومرتبہ(21مارچ اور 23ستمبر کو) وسط دنیا یعنی خط استوا (Equator) پر پہنچتا ہے۔ان دو ایام میں ساری دنیا میں نُجومی اعتبارسے دن رات برابر ہوتے ہیں یعنی 12 گھنٹے کا دن اور 12 گھنٹے کی رات۔

21مارچ کے بعد سورج جانبِ شمال ہٹتا چلا جاتا ہے یہاں تک کہ 21جون کو ”خَطِّ سرطان“ (Tropic of Cancer)یا ”میلِ اعظم شمالی“ پر پہنچتا ہے۔اس روز نِصف شمُالی کُرَّہ (North Hemisphare) میں بشمول پاکستان سال کا سب سے بڑا دن اور نِصْف جُنوبی کُرہ (South Hemisphare) میں سال کا سب سے چھوٹا دن ہوتاہے پھر سورج واپس خطِّ اِستوا (Equator)کی طرف آتاہے اور 23 ستمبر کو دوبارہ خط استواپر پہنچتا ہے نیز ساری دنیا میں ”نُجومی“ اعتبار سے دن رات برابر ہوجاتے ہیں ۔

23 ستمبر سے سورج جانبِ جنوب ہٹتاچلا جاتا ہے یہاں تک کہ22دسمبرکوخطِ جدی (Tropic of Capricorn) یا ”میلِ اعظم جنوبی“ پر پہنچتا ہے اس روز ”نِصف جنوبی کُرَّہ “میں سال کا سب سے بڑا دن اور ”نِصْف شمالی کُرَّہ “میں بشمولِ پاکستان سال کا سب سے چھوٹا دن ہوتا ہےپھر سورج واپس ”خط استوا“ (Equator)کی طرف آتا ہے اور 21 مارچ کو دوبارہ یہاں پہنچتا ہے۔(رپورٹ: عبدالقادر عباسی المدنی ، شعبہ اوقات الصلاۃ)