اللہ پاک قرآن میں ارشاد فرماتا ہے:  یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ۔ترجمۂ کنز الایمان: اے ایمان والو اللہ سے ڈرو۔ (سورۃ الاحزاب، آیت 70) اللہ عَزَّوَجَلَّ دوسرے مقام پر ارشاد فرماتا ہے: وَ لِمَنْ خَافَ مَقَامَ رَبِّهٖ جَنَّتٰنِ۔ ترجمہ کنز الایمان: اور جو اپنے رب کے حضور کھڑے ہونے سے ڈرے اس کے لئے دو جنتیں ہیں۔

حضور نبی رحمت شفیع اُمت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: ’’حکمت کی اصل اللہ عَزَّوَجَلَّ کا خوف ہے“۔ (شعب الایمان، باب فی الخوف من اللہ تعالی، ۱ / ۴۷۰، حدیث: ۷۴۳)

سرکارِ مدینہ راحت قلب وسینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہُ عنہ سے فرمایا: ’’اگر تم مجھ سے ملنا چاہتے ہو تو میرے بعد بھی اللہ عَزَّوَجَلَّ سے بہت ڈرتے رہنا“ (احیاء العلوم،۴ / ۴۷۲)

حضرتِ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ سید المبلغین، رحمۃ للعالمین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ خوشبودار ہے: ”توبہ کرنے والے جب اپنی قبر وں سے نکلیں گے تو ان کے سامنے سے مشک کی خوشبو پھیلے گی ، وہ جنت کے دستر خوان پرآکر اس میں سے کھائیں گے اوروہ عرش کے سائے میں ہوں گے جبکہ دیگر لوگ حساب کی سختی میں مبتلا ہوں گے“۔

عالم اسلام کی دینی تحریک دعوت اسلامی کی دینی ماحول میں بھی عاشقان رسول کو خوفِ خدا، عشقِ رسول اور گناہوں سے توبہ کرتے ہوئے زندگی گزارنے کی ترغیب دلائی جاتی ہے جس کے لئے وقتاً فوقتاًمختلف ایونٹس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ایسا ہی ایک ایونٹ ہفتہ وار اجتماع بھی ہے جو پابندی سے ہر جمعرات بعد نماز مغرب اور بعض مقامات پر بعض نماز عشاء شروع ہوجاتا ہے جن میں مبلغینِ دعوتِ اسلامی سنتوں بھرے بیانات فرماتے ہیں۔

اسی سلسلے میں 20 جنوری 2022ء کو بھی بعد نماز عشاء رات ساڑھے آٹھ بجے دنیا بھر میں ہفتہ وار سنتوں بھرا اجتماع شروع ہوجائے گا جن میں مبلغینِ دعوتِ اسلامی سنتوں بھرے بیانات فرمائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق مدنی مرکز فیضان مدینہ آفنڈی ٹاؤن حیدر آباد میں ہونے والے ہفتہ وار اجتماع میں رکن شوریٰ حاجی محمد اسد عطاری مدنی سنتوں بھرا بیان فرمائیں گےجسے مدنی چینل پر براہ راست نشر کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ جام محمد یوسف فٹ بال اسٹیدیم اوتھل ڈسٹرکٹ لسبیلہ میں نگران پاکستان مشاورت حاجی محمدشاہد عطاری اور مدنی مرکز فیضان مدینہ العطار ٹاؤن میر پور خاص میں رکن شوریٰ حاجی قاری ایاز عطاری سنتوں بھرے بیانات فرمائیں گے۔

تمام عاشقانِ رسول سے گزارش کی جاتی ہے کہ آپ بھی اپنے شہر میں ہونے والے سنتوں بھرے اجتماع میں ضرور شرکت فرمائیں۔ آپ کے قریب میں ہفتہ وار سنتوں بھرا اجتماع کہاں ہوتا ہے یہ جاننے کے لئے درج ذیل لنک پر کلک کیجئے۔

https://www.dawateislami.net/map/ijtema