(ویب ڈیسک،کراچی) گزشتہ رات یومِ دعوتِ اسلامی کےسلسلے میں مدنی چینل پر براہِ راست خصوصی پروگرام نشر کیا گیا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی مولانا محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے خصوصی شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول سے ہوا جس کے بعد امیرِ اہلِ سنّت سے سوالات و جوابات کا سیشن کیا گیا۔

دعوتِ اسلامی کے ابتدائی ایام کے بارے میں بات کرتے ہوئے امیرِ اہلِ سنت کا کہنا تھا کہ میں سن1981میں نور مسجد کھارادرمیں امامت کرتا تھا، ایک روز علامہ شاہ احمدنورانی علیہ الرحمہ کی طرف سے مرحوم نعت خوان یوسف میمن کے چھوٹے بھائی میرے پاس ایک دعوت نامہ لے کر آئے ،اس میں لکھا تھا کہ ہم نے دعوتِ اسلامی کے بارے میں فلاں دن اجلاس رکھا ہے جس میں رئیس التحریر علامہ ارشد القادری صاحب سمیت دیگر علماو عمائدین شرکت کررہے ہیں، آپ نے بھی آنا۔

الغرض میں بھی وہاں پہنچا، نورانی میاں اور علامہ ارشد القادری علیہما الرحمۃ کی تنظیمی سوچ مدینہ مدینہ!! ان صاحبان کا یہی ذہن تھا کہ سیاست سے مکمل پاک ایک تحریک کا قیام عمل میں لایا جائے جو خالص دین کا کام کرے، نیکی کی دعوت دے، اُس تنظیم کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہ ہو! بس تبلیغ دین کا واحد مشن ہو۔اس اجلاس میں غزالیِ زماں علامہ سید احمد سعید کاظمی شاہ صاحب سمیت کئی علما و عمائدینِ اہلِ سنّت بھی موجود تھے، مگر اس اجلاس کا کوئی خاص نتیجہ نہ نکلا۔ خیر بعد میں کئی اور بھی مشورے ہوئے اور مجھے دعوتِ اسلامی کا امیر مقرر کردیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا شفیع اوکاڑوی صاحب بھی محسنِ دعوتِ اسلامی ہیں، ان کے ہم پر بڑے احسانات ہیں، اوکاڑی صاحب نے سب سے پہلے اجتماع کے لئے اپنی مسجد گلزارِ حبیب سولجر بازاز پیش کی اور فرمایا کہ میری مسجد کو دعوتِ اسلامی کا مرکز بنائیں۔

امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے دعوتِ اسلامی کے ترقی میں پیش پیش افراد کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا کہ دعوتِ میں قبلہ الحاج سید عبدالقادر شاہ صاحب عرف باپو شریف ان کا اہم رول ہے، ان کا بہت کردار ہے اور دعوتِ اسلامی کی ترقی میں ان کا جیسا تیسا حصہ ہے۔ اللہ ان کو غریقِ رحمت فرمائے،بے حساب مغفرت ان کا اور ان کی آل کا مقدر ہو۔

دعوتِ اسلامی کے سیاست میں آنے کے متعلق کئے گئے سوال کے جواب میں آپ کا کہنا تھا کہ خلفاء راشدین والی سیاست آ گئی تو پہلا سیاستدان الیاس قادری ہوگا، میں نے مجلس شوری کو پہلے سے لکھ کر دے دیا ہے، اگر تمھیں دعوت اسلامی کو توڑنا ہے تو کچھ بھی نہیں کرنا بس سیاست کا اعلان کردینا اپنے آپ دعوت اسلامی ختم ہو جائے گی۔

پروگرام میں اراکینِ شوریٰ نے اپنے اپنے شعبہ جات کی کارکردگی بھی بیان فرمائی۔ روح پرور پروگرام کے اختتام میں جانشین امیرِ اہلِ سنت مولانا عبید رضا عطاری مدنی مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے دعوتِ اسلامی کی ترقی، امیر اہلِ سنت کی لمبی عمر اور حالیہ بارشوں میں پریشان حال افراد کی خوشحالی کے لئے دعا بھی کروائی۔