کراچی کے مشہور و معروف بزرگ، آلِ رسول حضرت سیّد عبد اللہ شاہ غازی رحمۃ اللہ علیہ کا سالانہ عرس 29 جون 2024ء کو بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ کراچی میں قائم آپ رحمۃُ اللہِ علیہکے مزار شریف کے احاطے میں منایا گیا۔

اس موقع پر شعبہ مزاراتِ اولیاء دعوتِ اسلامی کے تحت عرس کے تینوں (03)دن مختلف دینی کام منعقد ہوئے جن میں قراٰن خوانی کا اہتمام کرنا، عرس شریف میں آنے والے زائرین کی تربیت کے لئے مختلف سیکھنے سکھانے کے حلقے لگانا اور انہیں دینی مسائل سمیت سنتیں و آداب سکھانا شامل تھا۔

عرس کے تیسرے دن 29 جون 2024ء کو دعوتِ اسلامی کے شعبہ مزاراتِ اولیاء کے تحت محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمۂ اوقاف کے عہدیداران اور ذمہ داران ِ دعوتِ اسلامی سمیت عرس شریف میں آنے والے عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔

محفلِ نعت کے آغاز میں تلاوتِ قراٰن و نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمکے بعد دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا جس میں انہوں نے حضرت سیّد عبد اللہ شاہ غازی رحمۃُ اللہِ علیہ کے سلسلہ نسب کے بارے میں بتاتے ہوئے آپ رحمۃُ اللہِ علیہکی سیرت سے متعلق حاضرین کو آگاہ کیا۔

محفل کے اختتام پر رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے شعبہ مزاراتِ اولیاء کے ذمہ داران کے ہمراہ مزار شریف پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)