دعوتِ اسلامی کے دینی کام کرنے والے ذمہ دار اسلامی بھائیوں کی تربیت و رہنمائی  کرنے اور انہیں تنظیمی اپڈیٹس کے بارے میں آگاہی دینے کے لئے وقتاً فوقتاً سنتوں بھرے اجتماعات، مختلف سیشنز اور پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

اسی سلسلے میں ماہِ جنوری 2026ء کی 4 اور 5 تاریخ کو دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام پاکستان بھر کے یوسی نگرانوں کے لئے ہونے جارہا ہے ”یوسی نگران سنتوں بھرا اجتماع“ جس کا انعقاد عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہوگا۔

مختلف ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق 4 جنوری 2026ء کو شروع ہونے والے اس اجتماعِ پاک میں کراچی، صحرائے مدینہ، بلوچستان اور سندھ کے یوسی نگران تا نگرانِ صوبائی مشاورت کی شرکت متوقع ہے۔

اس 2 دن کے اجتماعِ پاک میں خصوصی طور پر شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ، نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری اور رکنِ شوریٰ و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری تمام ذمہ داران کی دینی، اخلاقی اور تنظیمی اعتبار سے تربیت کرتے ہوئے انہیں تنظیمی طریقۂ کار کے متعلق مدنی پھولوں سے نوازیں گے۔

تمام یوسی نگران تا نگرانِ صوبائی مشاورت 3 جنوری 2026ء کو ہونے والے ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ یوسی نگران کے اجتماع میں اوّل تا آخر شرکت ہوسکے۔