سندھ کے مختلف علاقوں میں  آسمانی بجلی گرنے سے 20سے زائدافراد انتقال کرگئے، کئی جانور جل گئے

جن مسلمانوں کے یہاں اموات ہوئیں سب کے سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں، مولانا الیاس قادری

تفصیلات کے مطابق سندھ کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی نے قہر ڈھادیا، جس کے سبب کئی افراد وفات پاگئے، کئی جانور جل گئے اور کچھ لوگ زخمی ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملنے پرامیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں مرحومین کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کے لئے دعائے صحت فرمائی۔ ویڈیو پیغام میں دعا کرتے ہوئے آپ کا کہناتھا:یا اللہ!پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا واسطہ آسمانی بجلی گرنے کے سبب جو جو مسلمان انتقال کر گئے ہیں ان سب کو غریقِ رحمت فرما، ان کےلواحقین اور سوگواروں کو صبرِ جمیل اور اس پر اجرِ جزیل مرحمت فرما، سندھ کے مسلمانوں کی حفاظت فرما، جو زخمی ہوئے انہیں روبہ صحت فرما۔

لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے بانیِ دعوتِ اسلامی نے کہاکہ جن جن کے یہاں اموات ہوئیں میں ان سب مسلمان سوگواران سے تعزیت کرتا ہوں، سب نمازوں کی پابندی کیجئے! سنتوں پر عمل کیجئے! اور گڑ گڑا کر اللہ کی جناب میں توبہ کیجئے اور مسجدوں کوآباد کیجئے۔