ٹنڈوالہ یار۔۔۔۔ دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و نگران سندھ مشاورت حاجی محمد ایاز عطاری نےکہا ہے کہ نیک اعمال نزع میں آسانی دلاتے ہیں،ان میں درود پاک کی کثرت،مسواک کی سنت پر عمل،باوضو رہنے کی عادت،والدین کی اطاعت،حسن اخلاق،صلہ رحمی،صدقہ فطر کی ادائیگی،راہِ خدا  میں صدقہ وخیرات اور نیک اعمال کی بر کت سے نزع کے وقت آسانی دی جاتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو الہ یار میں قائم مدنی مرکز فیضان مدینہ میں سنتوں بھرے اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نزع میں تکلیف براہ راست روح پر حملہ آور ہوتی ہے،پھر پورے بدن میں پھیل جاتی ہے،ہر ہر رگ سےہر ہر پٹھے سے ہر ہر جوڑ سے ہر ہر بال کی جڑ سے سر سے پاؤں تک کھال کے ہر حصے سے روح کھینچ کر نکالی جاتی ہے،مت پوچھو کہ یہ کیسی سخت تکلیف ہے؟موت کی تکلیف تلوار کے وار،آرے کے چیرنے سے اور قینچی کے کاٹنے سے بھی زیادہ سخت ہے،مرنے سے لے کر قیامت تک مردہ موت کی تکلیف محسوس کرتا رہےگا۔

رکن شوریٰ نے کہا کہ یہ گنہگاروں کا حال ہے البتہ جو نیک لوگ ہیں،کامل ایمان والے ہیں،گناہوں سے بچنے اور نیکیوں میں زندگی گزارنے والے ہیں حضرت ملک الموت ان کے ساتھ بہت نرمی سے پیش آتے ہیں،جو کلمہ پڑھتے ہیں،محبوب دوجہاں صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی غلامی کا دم بھرتے ہیں،وہ خوش نصیب جو کامل ایمان والے ہیں یعنی دل میں ایمان بھی رکھتے ہیں اور ایمان کے تقاضوں پر بھی عمل کرتے ہیں،گناہوں سے بھی بچتے ہیں،نمازیں بھی پڑھتے ہیں،دیگر نیک کام بھی کرتے ہیں نزع کے وقت ان شاء اللہ الکریم ان پر آسا نی کی جائے گی۔

حاجی محمد ایاز عطاری نے کہا کہ موت لمحہ بہ لمحہ قریب آرہی ہے،قبر کی منزل کی جانب برابر آگے کوچ جاری ہے،تصور کیجئے کہ ہم گویا بڑی احتیاط سے ایمان کو بحفاظت سینے سے چمٹائے ہوئے ہیں،ایک طرف نفس امارہ ایمان کو جھپٹ رہا ہے تودوسری طرف شیطان چالیں بدل بدل کر وار کررہا ہے،اور ایمان پر ڈاکاڈالنے میں مصروف ہے، رکن شوریٰ نے کہا کہ اللہ پاک ہم سب کو نزع میں قبر میں حشر میں آسانیاں نصیب فرمائے،کاش پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقے بلا حساب جنت میں داخلہ نصیب ہوجائے۔ (رپورٹ: محمود عطاری)