دعوت
اسلامی کے شعبہ قافلہ کے زیر اہتمام 24 جون 2025ء بروز بدھ مدنی مرکز فیضانِ مدینہ
فیصل آباد مدینہ ٹاؤن میں عظیم الشان ”قافلہ اجتماع“ کا انعقاد کیا گیا جس میں
ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔ اس موقع پرنگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد
عطاری، اراکین شوریٰ حاجی محمد امین عطاری، حاجی وقار المدینہ عطاری، حاجی محمد
اسلم عطاری، حاجی محمد اظہر عطاری اور مولانا حاجی محمد جنید عطاری مدنی بھی موجود
تھے۔
عالمی اسلامک اسکالر و نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد
عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے”علم دین حاصل کرنے“ کے موضوع پر سنتوں
بھرا بیان کیا ۔ نگران شوریٰ نے فرمایا کہ دعوتِ اسلامی کے ماحول میں علمِ دین
حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ مدنی قافلے میں سفر کرنا اور مدنی مذاکرہ دیکھنا بھی
ہے۔مدنی قافلوں میں سیکھنے سکھانے کے حلقے لگائے جاتے ہیں جس میں نماز، غسل اور
وضوکا طریقہ سکھایا جاتا ہے ، فرائض و واجبات بتائے جاتے ہیں، بیانات کا سلسلہ
ہوتا ہے۔آپ نےکہا کہ دنیا میں ہر انسان کسی نہ کسی کی محبت میں گرفتار ہوتا ہے لیکن خوش نصیب ہے وہ شخص جسے اللہ پاک علم دین
کی محبت عطا کرتا ہے۔دین اسلام کو سیکھنے، قرآن و حدیث کی تعلیمات کو سمجھنے
اورآقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پیاری
پیاری سنتوں پر عمل کرنے کے لئے علم دین کا سیکھنا بہت ضروری ہے اور علم دین سیکھنے
کا آسان ذریعہ مدنی قافلوں میں سفر کرنا
ہے۔دعوتِ اسلامی ہمیں علم دین سیکھنے کے لئے وقتاً وقتاً بہت سارے مواقع فراہم
کرتی رہتی ہے ۔
علم
دین سیکھنے پر نگرانِ شوریٰ نے فرمان رسول صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سناتے ہوئے فرمایا کہ ”جو طلب علم کے لئے کسی
راستے پر چلاتو اللہ پاک اُسے جنت کے راستے پر چلا دے گا“ تونہ صرف ہم نے قافلے میں سفر کرنا ہے بلکہ اپنے
عزیز و اقارب، دوست احباب کو بھی احسن طریقے سے قافلے کی دعوت دینی ہے اور اپنے
ساتھ مدنی قافلے میں سفر کروانا ہے۔
اجتماع
میں شرکا کو گناہوں سے بچنے، بے حیائی سے بچنے اور نیکیوں بھری زندگی گزارنے کی
ترغیب دلائی گئی۔صلوۃ و سلام اور دعا پر اجتماع کا اختتام ہوا۔