امام اہلِ سنّت حضرت مولانا شاہ امام احمد رضا خان، حضرت مولانا حسن رضا خان،حضرت مولانا مصطفٰی رضا خان ، حضرت مولانا حامد رضا خان، حضرت مولانا سید نعیم الدین مراد آبادی، حضرت مولانا صوفی محمد جمیل الرحمٰن قادری اور حضرت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہم اَجْمعین ۔ ان نفوس قدسیہ کے لکھے ہوئے کلام پڑھنے اور سننے میں ایک عجیب سرور حاصل ہوتا ہے، طبیعت پر ایک کیفیت طاری ہوتی اور دِلوں کو محبتِ رسول کی لذت اور چاشنی ملتی ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوت اسلامی کی مجلس ”المدینۃ العلمیہ“ان تمام بزرگوں کے مذکورہ کلام ، دورِ جدید کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے بہتر انداز میں شائع کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ اسی سلسلے میں حدائقِ بخشش، بیاض پاک، ذوقِ نعت اور سامانِ بخشش مرتب ہوکر منظر عام پر آچکی ہیں ۔

حال ہی میں مجلس المدینۃ العلمیہ نے حضرت مولانا صوفی محمد جمیل الرحمٰن قادری رضوی برکاتی رحمۃ اللہ علیہکا نعتیہ دیوان ”قبالۂ بخشش“مرتب کیا ہے جسے مکتبۃ المدینہ نے شائع کردیا ہے۔ نعت رسول کی اس کتاب میں مولانا محمد جمیل الرحمٰن قادری رضوی برکاتی کی سیرت اور آپ کی علمی و دینی خدمات کو بھی خاص طور پر ذکر کیا گیا ہے۔

کتاب کی خصوصیات: کمپیوٹر کمپوزنگ کے تقابل کے دوران مطبوعوں کے اختلاف کو حواشی کی صورت میں بیان کیا گیاہے، ہرکلام کی ابتداء نئے صفحے سے کی گئی ہے، کلام کے پہلے مصرعے کو ہیڈنگ کے طور پر لکھا گیا ہے اور جابجا الفاظ پر اعراب کا اہتمام کیاگیا ہے۔