امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کےفرمان پر صوبہ پنجاب اورکراچی سمیت اندرون سندھ میں بارش اورسیلاب سےہونےوالے نقصانات کے بعددعوت اسلامی ویلفیئر کےتحت امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات:

پنجاب کے شہر بھلوال کے اطراف میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عاشقان رسول میں راشن تقسیم کیاگیا۔رکن شوریٰ حاجی محمد رفیع عطاری، رکن شوریٰ حاجی جنیدعطاری مدنی اور رکن شوریٰ حاجی عقیل عطاری مدنی نے ویلفیئر کے اسلامی بھائیوں کےہمراہ متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔ متاثرین نے دعوت اسلامی کی کاوشوں کو سراہا ۔

اسی طرح ہیڈمحمدوالابستی پپلی والا مظفر گڑھ پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ افراد میں امدادی کاموں کا سلسلہ ہوا۔ دعوت اسلامی ویلفیئر کے ذمہ داران نے سیلابی علاقوں میں گھر گھر جاکر راشن تقسیم کیا۔ ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے متاثرین میں نیکی کی دعوت بھی عام کی اور بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنے کا ذہن بھی دیا۔ جس پر متاثرین نے اپنی نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے دعوت اسلامی ویلفیئر کا شکریہ ادا کیا۔

کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ میں بھی دعوت اسلامی ویلفیئر کی جانب سے متاثرین میں پکا ہوا کھانا اور پانی کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے متاثرین کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے کھانے کے ساتھ ناشتے کی بھی ترکیب کی۔ اس سلسلے میں پاپے،بسکٹ، چینی،پتی اورخشک دودھ کے پیکٹ بناکر تقسیم کیا گیا۔

دعوت اسلامی یلفیئر کی جانب سے سندھ کے ہی شہرجوہی میں بھی پکا ہوا کھانا اور پانی تقسیم کیاگیا نیز نگران لاڑکانہ زون نےدیگر ذمہ داروں کے ہمراہ اندرون سندھ جوہی کے علاقے واہی باندی میں سیلاب سے مکمل طور پر گرجانے والے گھروں کا سروے کیا جبکہ عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے سندھ کے شہر میرپورساکرو میں سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کے سلسلے میں ایک راشن سے بھری گاڑی بھی روانہ کی گئی۔