شعبہ خدام المساجد والمدارس المدینہ (دعوتِ اسلامی) کے تحت صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد کے علاقے نورانی بستی،
مصطفیٰ پارک کے قریب جامعۃ المدینہ بوائز کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاح کے موقع پر
ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف
شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات، مقامی عاشقانِ رسول اور دعوتِ اسلامی کے ذمہ
داران نے شرکت کی۔
اجتماع میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ
کے رکن حاجی محمد ایاز عطاری نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے شرکا کو اپنے بچوں کو دینی
تعلیم دلوانے اور انہیں عالم و حافظ بنانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے اس بات کی ترغیب
دلائی کہ اسلامی تعلیمات ہی ایک روشن
مستقبل کی ضمانت ہیں اور والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو دینی علوم سے آراستہ
کریں۔
اپنے بیان میں رکنِ شوریٰ نے نہ صرف بچوں کی
تعلیم بلکہ خود والدین کو بھی دینی ماحول سے وابستہ رہنے، علم دین سیکھنے، نیکی کے
کاموں میں حصہ لینے اور دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں میں بھرپور تعاون کی
دعوت دی۔
اجتماع کے اختتام پر صلوٰۃ و سلام پڑھا گیا اور
رکنِ شوریٰ نے خصوصی دعا فرمائی۔ بعد ازاں حاجی محمد ایاز عطاری نے دیگر ذمہ دار
اسلامی بھائیوں کے ہمراہ جامعۃ المدینہ بوائز کی عمارت کا دورہ بھی کیا۔