دعوتِ اسلامی کے شعبہ خدام المساجد و المدارس المدینہ کے تحت صوبہ سندھ کے شہر نوشہرو فیروز میں جامعۃ المدینہ گرلز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس پُر مسرت موقع پر سنتوں بھرے  اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقائی معزز شخصیات، تاجران، عاشقانِ رسول اور دعوتِ اسلامی کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن، حاجی محمد فاروق جیلانی عطاری نے سنتوں بھرے بیان سے شرکا کے دلوں کو منور کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں دینی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے والدین کو ترغیب دی کہ وہ اپنی بچیوں کو دینی تعلیم دلوانے میں دلچسپی لیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی تعلیم نہ صرف فرد کی اصلاح کا ذریعہ بنتی ہے بلکہ ایک صالح معاشرے کی بنیاد بھی فراہم کرتی ہے۔

حاجی فاروق جیلانی عطاری نے شرکا کو خود بھی علم دین حاصل کرنے اور دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے وابستہ رہنے کا ذہن دیا۔ اجتماع کے اختتام پر انہوں نے خصوصی دعا بھی کروائی جس کے بعد انہوں نے جامعۃ المدینہ گرلز کی عمارت کا وزٹ کیا اور دوران تعلیم دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔