دعوتِ اسلامی کی جانب سے ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں سات جائے نمازیں قائم
نماز دینِ اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ہے۔ اﷲ
اور اس کے رسول صلی
اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان کے بعد اہم ترین رکن ہے۔ قرآنِ کریم
میں اللہ رب العزت نے کئی بار نماز پڑھنے کی تاکید فرمائی ہے۔ چند مخصوص
صورتوں کے علاوہ نماز ہر عاقل و بالغ مردو عورت پر ہر حال میں فرض ہے۔ اس کی اہمیت
کے پیشِ نظر عاشقانِ رسول کی پیاری تحریک دعوتِ اسلامی نے مجلس
خدام المساجد قائم کی ہے جو دنیا بھر میں مساجد اور جائے نماز کا قیام عمل میں
لارہی ہے۔
اسی مجلس کے زیرِاہتمام سہراب
گوٹھ سپر ہائی وے کراچی میں 900 ایکڑ پر پھیلی
ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں بھی جائے نمازیں قائم کردی گئی ہیں جن میں
بیوپاری اور خریدار نمازوں کی ادائیگی کرکے اپنا اہم فریضہ ادا کررہے ہیں۔
نگرانِ کابینہ صحرائے مدینہ محمد خالد عطاری کا
کہنا تھا کہ دعوتِ اسلامی کی جانب سے ہر سال یہاں جائے نمازیں قائم کی جاتی ہیں،
اس سال بھی یہاں مویشی منڈی میں سات جائے نمازیں قائم کی گئی ہیں جہاں باقاعدہ
امام صاحبان موجود ہیں اور پانچوں نمازوں کی اذان اور جماعت سے نمازوں کا سلسلہ کیا جارہا ہے۔
ایک جائے نماز کے امام صاحب محمد وقاص عطاری نے بتایا کہ اَلْحَمْدُ
لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ یہاں نمازوں
کا اہتمام تو کیا ہی گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ درس و بیان اور منڈی میں تبلیغ و
نیکی کی دعوت دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔