درسِ نظامی کے آخری سال ”الشہادۃ العالمیہ، سالِ دوم “ کے امتحان میں کسی منتخب عنوان پر تحقیقی مقالہ لکھا جاتاہے۔

متعلقہ بورڈ کی جانب سے عنوانات کی فہرست جاری کی جاتی ہےجس سے طلبہ عنوان کا انتخاب کرتے ہیں اور اس پر مقالہ تحریر کرکے سالانہ امتحان میں شامل ہوتے ہیں۔

الحمد للہ پچھلےسال 2021ء میں جامعات المدینہ کے طلبہ کے درمیان 9مقامات پر ”تحقیقی مقالہ نگاری“ کے سیشنز کا انعقاد ہوا۔ ان سیشنز میں مقالہ نگاری کی تربیت پر لیکچر کے فرائض ماہنامہ فیضان مدینہ کے ایڈیٹر اور ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ، المدینۃ العلمیہ کے ڈائریکٹر مولانا راشد علی عطاری مدنی نے انجام دیئے۔ طلبہ و اساتذہ کی طرف سے مجلس جامعۃ المدینہ کے اس اقدام کو خوب سراہا گیا۔

پچھلےسال کے کامیاب تجربہ کے بعد سالِ رواں 2022ء میں مرکزی جامعۃ المدینہ فیضان مدینہ انسٹیٹیوٹ، کراچی میں ”12روزہ تحقیقی مقالہ نگاری کورس“ کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اسلامک اسکالر اور رائٹر مولانا راشد علی عطاری مدنی نے آج 23اگست 2022ء کو اس سیشن کا آغاز کیا اور پہلے لیکچر میں تحریر و تصنیف سے متعلقہ اہم نکات بیان کئے:

٭تحریر و تصنیف کی اہمیت و ضرورت ٭تحریر و تصنیف میں حائل رکاوٹیں اور ان کا حل ٭ذاتی مواد بینک بنانے کا طریقہ اور ترغیب ٭کورس کے مشمولات کا اجمالی خاکہ ٭مقالہ نگاری میں معاون اہم امور کی نشاندہی۔

یہ کورس ان شاء اللہ الکریم 06 ستمبر2022ء تک جاری رہے گا۔