صوبۂ پنجاب پاکستان کے شہر فیصل آباد میں قائم دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضان مدینہ میں مرکزی مجلس ِشوریٰ کے رکن و نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے شعبہ تعلیم کے تحت ہونے والے مدنی قافلہ اجتماع میں سنتوں بھرا بیان کیا جس میں شعبے کے متعلقہ نگران مجلس، صوبائی و ڈویژن ذمہ داران اور مدنی قافلے میں شرکت کرنے والے دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے ”مدنی قافلوں کی اہمیت“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے اسلامی بھائیوں کی تربیت کی اور انہیں مختلف مدنی پھولوں سے نوازا جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

1:امیرِ اہل ِسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مدنی قافلوں کے ذریعے دعوتِ اسلامی کے پیغام کو پہلے کراچی پھر حیدرآباد، سندھ اور پھر پنجاب اسی طرح ساری دنیا میں پہنچایا، مدنی قافلہ ساری دنیا میں دعوت ِاسلامی کو پہچانے کا ذریعہ ہے، امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ مدنی قافلے کو دعوتِ اسلامی اور دعوت اسلامی کے دینی کاموں کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت دیتے ہیں۔مدنی قافلے میں بہت سی بھلائیاں ہیں بلکہ مدنی قافلہ مجموعَہ خیر ہے۔

2:مدنی قافلے میں ہم سفر کر کے راہِ خداعزوجل میں سفر کرنے کی سنت کو ادا کرتے ہیں۔اللہ کی راہ میں سفر کرنا (دین سیکھنے، سکھانے اور دینِ اسلام کی بقا کے لئے سفر کرنا) انبیاء کا طریقہ جبکہ نیکی کی دعوت دینے کے لئے سفرکرنا انبیائے کرام کی سنت ہے اور مدنی قافلے میں سفر کر کے اس سنت پر عمل کرنے کی سعادت حاصل ہوتی ہے۔

3:مدنی قافلے کی برکات میں سے ہے کہ باجماعت نماز پڑ ھنے کی سعادت ملتی ہے اللہ نے چاہا تو یہ عادت ساری زندگی بھی بنی رہے گی۔اعلیٰ حضرت اور شہزادۂ اعلیٰ حضرت کی عادت مبارکہ تھی کہ گھر تو گھر سفر میں بھی نماز کی پابندی کرتے تھے۔

4:نگران پاکستان مشاورت نے دعوت ِاسلامی کے آئی ٹی ڈیبارٹمنٹ کی ایپلی کیشن ”صراط الجنان فی تفسیر القرآن“ کا تعارف کروایا اور اس ایپ کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کا ذہن دیا۔بعدازاں نگرانِ پاکستان مشاورت نے مزید دیگر قیمتی مدنی پھولوں سے نوازا اور آخر میں دعا کروائی۔(رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالو اپ ذمہ دار، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)