11 جون 2022ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی چینل پر ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی کے عاشقان رسول براہ راست جبکہ دیگر مقامات پر ہزاروں عاشقان رسول نے شرکت کی۔

بانیٔ دعوت اسلامی علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے شرعی و معاشرتی اعتبار سے اسلامی بھائیوں کی تربیت کی جبکہ عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال:کیا جھوٹی خبروں کے پھیلنے کا سلسلہ سوشل میڈیا کی وجہ سے ہے یا اس سے پہلے بھی تھا؟

جواب:پہلے بھی تھا ،حدیثوں میں اس کی مذمت آئی ہے، شیطان بھی لوگوں میں جھوٹی خبریں پھیلاتا ہے۔فرمانِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم:کسی شخص کے جھوٹا ہونے کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ ہر سُنی سنائی بات (بغیرتحقیق )کے آگے بیان کردے ۔ (صحیح مسلم ،رقم الحدیث :7)

سوال: کیا قربانی صرف مردپرواجب ہے؟

جواب: نہیں ،اگر مرد و عورت دونوں میں قربانی کی شرائط پائی جائیں تودونوں پر قربانی واجب ہے۔

سوال: ذَبح اورذِبح میں کیافرق ہے؟

جواب: ذَبح سے مراد جانورکو ذَبح کرنا اور جس جانورکو ذَبح کیا جائے اُسے ذِبح کہتے ہیں ۔

سوال: کس وقت کا خواب سچاہوتاہے؟

جواب: عام طورپر سحری کے وقت (یعنی طلوع ِفجرسے پہلے) جو خواب دیکھا جائے وہ سچاہوتاہے۔

سوال: دوستی کس سے کی جائے؟

جواب: اسلامی طورپر دوست وہ ہے جسے دیکھ کر خدایادآئے، وہ اللہ پاک سے ملانےوالاہو ،غفلت ہوتو وہ سمجھائے،صحیح العقیدہ سُنّی ہو،اللہ پاک کی اطاعت و فرمانبرداری کرنے والاہو،متقی وپرہیزگارہو،سچاعاشقِ رسول ہو،سنّتوں پر عمل کرنے والاہو،صحابہ واہلِ بیت سے عقیدت رکھنے والاہو،جو بدعقیدہ سے دوستی کرتاہے اُس سے معرفت کا نورچھن جاتاہے ،بدعقیدہ کی دوستی آگ میں ہاتھ ڈالنے سے زیادہ نقصان دہ ہے۔

سوال: بچوں کے دلوں میں خوفِ خدا،محبتِ رسول اورعشقِ رسول کیسے پیداکریں؟

جواب: گھرکا ماحول بہترہوگاتوبچہ اثرلےگا، مدنی چینل چلے گا تونعتیں پڑھی جائیں گی جس کی برکت سے عشقِ رسول میں اضافہ ہوگا، عشقِ رسول بڑھانے کے لیے خوش الحان نعت خوان سے نعتیں سنی جائیں جیسے دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول میں سال میں ایک انوکھی اورپُرسوز محفلِ مدینہ ہوتی ہے ،جس کے مناظرہم نے دیکھے، اللہ کرے کہ ہمارا بچہ بچہ عاشقِ رسول بن جائے ۔

سوال: ایسے کون سے اعمال ہیں جن کوکرنے سے بندہ سب سے زیادہ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے محبت کرنے والا بن سکتاہے؟

جواب: دُرودوسلام کی کثرت کی جائے،حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت پر لکھی گئی کتب کامطالعہ کیا جائے، عاشقانِ رسول کی صحبت اختیار کی جائے،اِنْ شَاۤءَ اللہُ الْکریم اس طرح پیارے آقا مکی مدنی مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے محبت بڑھاتے رہنے کا ذہن بنتا جائے گا۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” امیراہل سنت سے وضوکے بارے میں سوال جواب “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشین ِ امیرِاہلِ ِسُنّت دامت براکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی؟

جواب: یااللہ پاک ! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ”امیراہل سنت سے وضوکے بارے میں سوال جواب“ پڑھ یا سن لے اُسےظاہری پاکیزگی کے ساتھ باطنی پاکی نصیب فرما اور اُسے بے حساب بخش دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔